External Publication
Visit Post

ایران کا آبنائے ہرمز کھولنے کا اعلان، ٹرمپ کا پاکستانی وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کا شکریہ

Independent Urdu [Unofficial] April 17, 2026
Source

امریکہ اور ایران کے درمیان دو ہفتے کا سیز فائر جاری۔ دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور اسلام آباد میں ہی ہونے کا امکان۔ لبنان اور اسرائیل بھی 10 روزہ جنگ بندی پر متفق۔ ایران کا جنگ بندی کی بقیہ مدت کے دوران آبنائے ہرمز کھلی رکھنے کا اعلان لائیو اپ ڈیٹس


خطے میں تنازع سے توانائی نظام متاثر، مہنگائی اور معیشتوں پر منفی اثرات ہوئے: اسحاق ڈار

نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ خطے میں جاری تنازعات اور کشیدگی کے باعث توانائی کی ترسیل کا نظام متاثر ہوا ہے، جس کے منفی اثرات معیشتوں پر بھی مرتب ہو رہے ہیں۔

اسحاق ڈار 17 اپریل 2026 کو ترکی میں جاری نطالیہ ڈپلومیسی فورم کے موقع پر ایک پینل سے خطاب کر رہے ہیں (دفتر خارجہ)

ترکی میں جاری نطالیہ ڈپلومیسی فورم کے موقع پر ایک پینل سے خطاب میں اسحاق ڈار نے کہا کہ ان رکاوٹوں کے باعث نہ صرف توانائی کا تحفظ متاثر ہو رہا ہے بلکہ روزمرہ زندگی کے اہم شعبے، جن میں فوڈ سکیورٹی، مہنگائی اور مجموعی اقتصادی استحکام شامل ہیں، بھی شدید دباؤ کا شکار ہیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خطے کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون، تجارت کے فروغ اور بہتر روابط ناگزیر ہیں، تاکہ مشترکہ ترقی کے مواقع سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔

اسحاق ڈار نے امید ظاہر کی کہ جاری تنازعات کے حل سے خطے میں استحکام آئے گا اور ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی، جو نہ صرف معیشتوں بلکہ عوام کی روزمرہ زندگی کو بھی بہتر بنائے گا۔


شہباز شریف کا صدر ٹرمپ کی پاکستان کی تعریف کا شکریہ

وزیر اعظم شہباز شریف نے جمعے کو امریکی صدر کی جانب سے پاکستان اور اس کی قیادت کی تعریف پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔

Mr President, on behalf of the people of Pakistan, Field Marshal Syed Asim Munir, and on my behalf, I express my deep and profound appreciation for your kind and gracious words. @realDonaldTrump pic.twitter.com/mmDYZoGlB9

— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) April 17, 2026

شہباز شریف نے ایکس پر جاری بیان میں لکھا: ’صدر ٹرمپ، پاکستان کے عوام کی جانب سے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی طرف سے، اور اپنی جانب سے، میں آپ کے پُر خلوص الفاظ پر تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔‘


اقوام متحدہ کا ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کو کھولنے کے اعلان کا خیر مقدم

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتانیو گورتیش نے جمعے کو ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کو کھولنے کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔

ایکس پر جاری بیان میں انہوں نے کہا: ’میں ایران کے اس اعلان کا خیرمقدم کرتا ہوں جس میں انہوں نے جنگ بندی کے باقی عرصے کے دوران آبنائے ہرمز تمام تجارتی جہازوں کے لیے مکمل طور پر کھلا رکھنے کا اعلان کیا۔‘

سیکرٹری جنرل نے مزید کہا کہ یہ درست سمت میں ایک قدم ہے۔

ان کے بقول: ’اقوام متحدہ کا مؤقف واضح ہے کہ ہمیں آبنائے ہرمز میں بین الاقوامی بحری آمد و رفت کے حقوق اور آزادیوں کی مکمل بحالی چاہیے اور اس کا سب کو احترام کرنا ہوگا۔‘

انتانیو گورتیش نے اسلام آباد کی سفارتی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے لکھا: ’مجھے امید ہے کہ جنگ بندی کے ساتھ ساتھ یہ اقدام فریقین کے درمیان اعتماد سازی میں مدد دے گا اور پاکستان کی سہولت کاری میں جاری مذاکرات کو مزید مضبوط بنائے گا۔‘


امریکہ ایران سے یورینیم واپس حاصل کرے گا: صدر ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعے کو روئٹرز کو بتایا کہ امریکہ ایران کے ساتھ مل کر اس کے افزودہ یورینیم کو واپس حاصل کرے گا اور اسے امریکہ لے جایا جائے گا۔

انہوں نے کہا: ’ہم یہ سب مل کر کریں گے۔ ہم ایران کے ساتھ ایک آرام دہ رفتار سے جائیں گے اور بڑے بڑی مشینری کے ساتھ کھدائی شروع کریں گے, ہم اسے واپس امریکہ لے آئیں گے۔‘

صدر ٹرمپ نے ’نیوکلئیر ڈسٹ‘ (جوہری گرد) کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ چیز بہت جلد حاصل کر لی جائے گی۔

نیوکلئیر ڈسٹ سے مراد وہ باقیات ہیں جو ٹرمپ کے خیال میں گذشتہ سال امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران کی جوہری تنصیبات پر بمباری کے بعد بچنے والا جوہری مواد تھا۔

خیال کیا جاتا ہے کہ ایران کے پاس 900 پاؤنڈ سے زائد یورینیم موجود ہے جسے 60 فیصد تک افزودہ کیا جا چکا ہے۔

ایران کے جوہری پروگرام کا معاملہ امریکہ اور ایران کے درمیان اسلام آباد مذاکرات کے سب سے پیچیدہ مسائل میں سے ایک رہا تھا۔

ٹرمپ کا کہنا ہے کہ جنگ کی ایک بڑی وجہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا تھا۔

جنگ کے خاتمے کے لیے ممکنہ معاہدے پر واضح طور پر پُرجوش نظر آنے والے ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ ایران کے خلاف اپنی بحری ناکہ بندی اس وقت تک برقرار رکھے گا جب تک کوئی معاہدہ حتمی نہیں ہو جاتا۔

انہوں نے کہا: ’میرے خیال میں معاہدہ بہت جلد ہو جائے گا۔ ہم ایران کے ساتھ بہت اچھی طرح آگے بڑھ رہے ہیں۔‘

ٹرمپ نے مزید کہا کہ معاہدے تک پہنچنے کے لیے مزید مذاکرات کی ضرورت ہوگی اور یہ ممکنہ طور پر ’ویک اینڈ پر ہوں گے وہ ’شاید‘ اسلام آباد کا دورہ کریں۔

انہوں نے کہا: ’میں نے ابھی اس بارے میں حتمی فیصلہ نہیں کیا۔‘

ٹرمپ نے یہ بھی بتایا کہ امریکہ ایران کے ساتھ مل کر آبنائے ہرمز سے بارودی سرنگیں ہٹانے پر کام کر رہا ہے۔

20 ارب ڈالر کے بدلے یورینیم سے متعلق ایک ممکنہ معاہدے کی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے ٹرمپ نے کہا: ’یہ بالکل غلط ہے۔ کوئی رقم ادا نہیں کی جا رہی۔‘


صدر ٹرمپ کا پاکستانی وزیر اعظم، فیلڈ مارشل کا شکریہ

امریکی صدر ڈونلڈ نے جمعے کو پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

ٹروتھ سوشل پرجاری بیان میں صدر ٹرمپ نے لکھا: ’میں پاکستان کا، اس کے عظیم وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ دونوں شاندار شخصیات ہیں۔‘

ایک الگ پوسٹ میں انہوں نے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور قطر کا ان کی جرات اور مدد کے لیے شکریہ ادا کیا۔

آبنائے ہرمز کے بارے میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران نے اتفاق کیا ہے کہ ’وہ آبنائے ہرمز کو دوبارہ کبھی بند نہیں کرے گا۔ اب اسے دنیا کے خلاف ہتھیار کے طور پر استعمال نہیں کیا جائے گا۔‘

صدر ٹرمپ نے مزید لکھا: ’اب جب کہ آبنائے ہرمز کا مسئلہ ختم ہو چکا ہے، مجھے نیٹو کی طرف سے فون آیا کہ کیا ہمیں کسی مدد کی ضرورت ہے۔ میں نے انہیں کہا کہ اب آپ اس سے دور رہیں، سوائے اس کے کہ وہ صرف اپنے جہاز تیل سے بھرنا چاہتے ہیں۔ جب ان کی ضرورت تھی تو وہ کام نہیں آئے، وہ (نیٹو) ایک کاغذی شیر ہے۔‘

لبنان کے بارے میں الگ پوسٹ میں انہوں نے لکھا: ’اسرائیل اب لبنان پر بمباری نہیں کرے گا۔ انہیں امریکہ کی طرف سے ایسا کرنے سے روک دیا گیا ہے۔ بس بہت ہو چکا۔‘

انہوں نے مزید لکھا: ’ہم لبنان کو دوبارہ عظیم بنائیں گے۔‘


امریکہ ایران مذاکرات کا اگلا دور اس اختتام ہفتہ کو اسلام آباد میں متوقع: رپورٹ

امریکی نیوز ویب سائٹ ایکسیوز نے جمعے کو رپورٹ کیا ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کا اگلا دور اسی اختتام ہفتہ کو اسلام آباد میں ہو سکتا ہے جس میں منجمد اثاثوں کی بحالی اور ایرانی یورینیم کے حوالے سے نئی تجاویز پر غور کیا جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق ایک نئے منصوبے کے تحت امریکہ تقریباً 20 ارب ڈالر کے منجمد ایرانی اثاثے جاری کرنے پر غور کر رہا ہے، اس کے بدلے ایران اپنے تقریباً دو کلوگرام افزودہ یورینیم کے ذخیرے سے متعلق رعایتیں دے سکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق امریکہ اور ایران ایک ایسے مسودہ معاہدے پر بات چیت کر رہے ہیں جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان جاری کشیدگی کو کم کرنا اور ممکنہ طور پر تنازع ختم کرنا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مذاکرات ایک تین صفحات پر مشتمل مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر مرکوز ہیں، جس میں ایران کے نیوکلیئر پروگرام سے متعلق متعدد اقدامات شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق اس جوہری مواد کا کچھ حصہ کسی تیسرے ملک منتقل کیا جا سکتا ہے جبکہ باقی کو ایران میں بین الاقوامی نگرانی میں کم افزودہ کیا جائے گا۔

ایک امریکی اہلکار کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ نئی تجویز ان متعدد آپشنز میں سے ایک ہے جو اس وقت زیرِ غور ہیں۔

مذاکرات میں نیوکلیئر افزودگی پر رضاکارانہ پابندی کا معاملہ بھی شامل ہے، جس میں واشنگٹن 20 سالہ وقفے کی تجویز دے رہا ہے جبکہ ایران پانچ سالہ معطلی کی بات کر رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اسلام آباد مذاکرات کے دوران امریکہ نے ایران کو انسانی ضروریات کے لیے چھ ارب ڈالر کی پیشکش کی تھی، جبکہ تہران کی جانب سے 27 ارب ڈالر کا مطالبہ سامنے آیا تھا۔


ایران کے آبنائے ہزمز کھولنے کے اعلان کے بعد تیل کی قیمتوں میں بڑی کمی، عالمی مارکیٹس میں تیزی

ایران کے وزیر خارجہ کی جانب سے ہرمز سے تجارتی جہازوں کی آمد و رفت جنگ بندی کے دوران مکمل طور پر کھلا رکھنے کے اعلان کے بعد تیل کی عالمی قیمتوں میں جمعے کے روز نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ سٹاک مارکیٹس اور حکومتی بانڈز میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔

ایران اور ٹرمپ کی جانب سے ایران کے شکریے کے بعد برینٹ خام تیل کی قیمت نو فیصد کمی کے ساتھ 90 ڈالر فی بیرل جبکہ امریکی خام تیل 10 فیصد کمی کے بعد 81.5 ڈالر فی بیرل تک گر گیا۔

اگرچہ قیمتیں اب بھی جنگ سے پہلے کی سطح سے اب بھی زیادہ ہیں، تاہم مارچ کے آخر کی بلند ترین سطح کے مقابلے میں نمایاں کمی آئی ہے جب برینٹ 120 ڈالر فی بیرل کے قریب پہنچ گیا تھا۔

دوسری جانب ایران کے اعلان کے بعد عالمی سٹاک مارکیٹس میں بھی اضافہ ہوا، یورپی سٹاکس 600 انڈیکس 1.3 فیصد اور امریکی ایس اینڈ پی فیوچرز 0.9 فیصد اوپر چلے گئے۔

ماہرین کے مطابق آبنائے ہرمز سے رسد معمول پر آنے کی توقع نے عالمی معیشت کے لیے خطرات کم کیے ہیں، جس کے باعث مارکیٹس میں مثبت رجحان دیکھا جا رہا ہے۔


ایران کے آبنائے ہرمز کھولنے کے اعلان پر ٹرمپ کا شکریہ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعے کو آبنائے ہرمز کھولنے پر ایران کا شکریہ ادا کیا۔

ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر لکھا: ’ایران نے ابھی اعلان کیا ہے کہ آبنائے ایران (ہرمز) مکمل طور پر کھلی ہے اور مکمل آمد و رفت کے لیے تیار ہے۔ شکریہ۔‘


جنگ بندی کی بقیہ مدت کے دوران آبنائے ہرمز کھلی رہے گی: ایران

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے جمعے کو کہا ہے کہ لبنان میں جنگ بندی کے تناظر میں آبنائے ہرمز تمام تجارتی جہازوں کی آمد و رفت کے لیے جنگ بندی کے باقی عرصے کے لیے مکمل طور پر کھلی رہے گی۔

Screenshot 2026-04-17 181331.jpg


جنگ بندی کے بعد گھروں کو لوٹنے والے لبنانی شہریوں کو دوبارہ علاقے سے نکلنا پڑے گا: اسرائیل

اسرائیل نے جمعے کو خبردار کیا ہے کہ 10 روزہ جنگ بندی کے بعد اپنے گھروں کو واپس آنے والے ہزاروں بے گھر لبنانی شہریوں کو جنگ دوبارہ شروع ہونے کی صورت میں دوبارہ جنوبی علاقوں سے انخلا کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کیرز نے ایک بیان میں کہا: ’اگر لڑائی دوبارہ شروع ہوتی ہے تو وہ شہری جو سکیورٹی زون میں واپس آئیں گے، مشن کی تکمیل کے لیے انہیں دوبارہ نکالنا پڑے گا۔‘

انہوں نے خبردار کیا کہ فوج نے ابھی تک حزب اللہ کے خلاف اپنی کارروائیاں مکمل نہیں کی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ لبنان میں 10 روزہ جنگ بندی نافذ ہونے کے چند گھنٹوں بعد بھی حزب اللہ کے خلاف اسرائیلی مہم مکمل نہیں ہوئی۔

ان کے بقول: ’لبنان میں زمینی کارروائی اور حزب اللہ پر حملوں سے کئی کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں، لیکن یہ ابھی مکمل نہیں ہوئی ہیں۔‘

View this post on Instagram

A post shared by Independent Urdu (@indyurdu)


لبنان میں جنگ بندی، خطے میں امن کی جانب اہم قدم: پاکستانی صدر

صدر آصف علی زرداری نے لبنان میں جنگ بندی کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن کی بحالی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔

اپنے بیان میں صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان خطے کے استحکام کو بہت اہمیت دیتا ہے اور اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ پائیدار امن صرف مذاکرات، خودمختاری کے باہمی احترام اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کے ذریعے ہی حاصل کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’جنگ بندی دیرپا امن کی جانب پیش رفت کا ایک موقع ہے۔‘

پاکستان کے صدر نے کہا کہ پاکستان امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ فعال طور پر رابطے میں ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی میں کمی اور منصفانہ، دیرپا اور جامع امن کے فروغ کے لیے ہر مخلصانہ اقدام کی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ ’امریکہ اور ایران کے درمیان جاری دو ہفتے کی جنگ بندی کے وسیع تر مفادمیں لبنان میں بھی تحمل شامل تھا جس کی اسرائیل کی جانب سے خلاف ورزی کی گئی۔‘

وزیراعظم شہباز شریف نے بھی جمعے کو ’ایکس‘ پر ایک بیان میں لبنان میں جنگ بندی کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ ’صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جرات مندانہ اور دانشمندانہ سفارتی کوششوں کے ذریعے ممکن ہوئی، اور امید ظاہر کرتا ہوں کہ یہ خطے میں پائیدار امن کی راہ ہموار کرے گی۔‘

انہوں نے کہا کہ پاکستان لبنان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے اور ’خطے میں دیرپا امن کے لیے تمام کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔‘


امن کے لیے پاکستان کی کوششیں جاری، فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ایرانی صدر سے ملاقات

پاکستان کے چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات میں امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ کے خاتمے پر زور دیا ہے اور اس امید کا اظہار کیا کہ ایک معاہدہ جلد طے پا سکتا ہے۔

ایرانی حکومت کے مطابق اسلام آباد ایک اہم ثالث کے طور پر اپنا کردار مزید مضبوط بنا رہا ہے تاکہ نازک جنگ بندی کو پائیدار امن میں بدلا جا سکے۔

فیلڈ مارشل اس وقت ایران کے دورے پر ہیں، جہاں وہ امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ کے خاتمے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ثالثی کے لیے پاکستان کی کوششوں سے 8 اپریل کو دو ہفتوں کی جنگ بندی طے پائی تھی جس کے بعد اسلام آباد میں امریکہ اور ایران کے اعلیٰ سطحی مذاکرات بھی ہوئے تاہم ان سے کسی معاہدے پر اتفاق رائے نہ ہو سکا۔

ایرانی صدر سے ملاقات میں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ یہ جنگ ختم بھی ہو جائے گی تو خطہ ممکنہ طور پر اپنی سابقہ حالت میں جلد واپس نہیں آئے گا، اس لیے تمام ممالک کو تعمیر نو، استحکام اور دیرپا امن کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔

ایرانی حکومت کے مطابق پاکستان کے فیلڈ مارشل نے کہا کہ ’چین، سعودی عرب، مصر اور ترکی اس بحران کے دوران سفارتی کوششوں کی حمایت کر رہے ہیں۔ ایک معاہدہ جلد طے پا سکتا ہے۔ یہ جنگ صرف تباہی اور نقصان لاتی ہے۔‘

صدر پزشکیان نے کہا کہ ایران خطے میں امن، استحکام اور برادرانہ تعلقات کا خواہاں ہے۔

10 اور 11 اپریل کو اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات کے دوران واشنگٹن اور تہران اہم معاملات پر متفق نہ ہو سکے۔

جہاں ایک طرف فیلڈ مارشل عاصم منیر ایران میں موجود ہیں، وہیں پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف سعودی عرب، قطر اور ترکی کے دوروں پر ہیں تاکہ امن کے قیام کے لیے کوششوں کو آگے بڑھایا جا سکے۔


امریکی صدر نے کہا کہ ’ہم ایران کے ساتھ معاہدہ کرنے کے بہت قریب ہیں۔‘

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ایران جنگ کے خاتمے کے لیے جلد ہی معاہدہ طے پا سکتا ہے اور کہا کہ جنگ بہت جلد ختم ہونی چاہیے۔

انہوں نے تہران کی حامی تنظیم حزب اللہ پر زور دیا کہ وہ لبنان اور اسرائیل کے درمیان 10 روزہ جنگ بندی کے نفاذ کے ساتھ ہی اپنے حملے روک دے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان آئندہ ملاقات اس ہفتے کے آخر میں ہو سکتی ہے اور دو ہفتے کی جنگ بندی میں توسیع ممکن ہے، لیکن شاید اس کی ضرورت نہ پڑے کیوں کہ تہران ایک معاہدہ چاہتا ہے۔

انہوں نے وائٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں کو بتایا کہ ’ہم دیکھیں گے کہ کیا ہوتا ہے؟ لیکن مجھے لگتا ہے کہ ہم ایران کے ساتھ معاہدہ کرنے کے بہت قریب ہیں۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ اگر معاہدہ طے پا گیا اور اس پر پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد میں دستخط ہوئے، تو وہ اس موقع پر وہاں جا سکتے ہیں۔

View this post on Instagram

A post shared by Independent Urdu (@indyurdu)

چند گھنٹے بعد لاس ویگس میں، ٹرمپ نے مزید آگے بڑھتے ہوئے کہا کہ جنگ ’بہت جلد ختم ہونی چاہیے۔‘

ایران کے ساتھ جنگ امریکہ میں غیر مقبول رہی ہے اور اس نے ٹرمپ کے لیے ملک میں اہم وسط مدتی انتخابات سے محض چند ماہ قبل ایک سیاسی درد سر کھڑا کر دیا ہے۔

ایران پر 28 فروری کو شروع ہونے والے امریکہ اور اسرائیل کے حملوں کے بعد تیل کی قیمتوں کے بدترین بحران کو جنم دیا ہے اور اس کے باعث بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے عالمی معیشت کی ترقی کی رفتار میں کمی کا عندیہ دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ طویل تنازع دنیا کو معاشی کساد بازاری کے دہانے پر دھکیل سکتا ہے۔

امریکہ اور ایران کے درمیان ثالثی کرنے والے ایک پاکستانی ذریعے نے جمعے کو روئٹرز کو بتایا کہ بیک ڈور ڈپلومیسی میں پیش رفت ہوئی ہے اور دونوں فریقوں کے درمیان آئندہ ملاقات کے نتیجے میں ایک معاہدے پر دستخط ہو سکتے ہیں۔

ذریعے نے بتایا کہ دونوں فریق پہلے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کریں گے جس کے بعد 60 دنوں کے اندر ایک جامع معاہدہ طے پائے گا۔

نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بات کرتے ہوئے ذریعے نے بتایا کہ ’تفصیلی معاہدہ بعد میں ہو گا۔ دونوں فریق اصولی طور پر متفق ہیں۔ اور تکنیکی معاملات بعد میں طے پائیں گے۔‘

ایک سفارتی ذریعے نے بتایا کہ اہم پاکستانی ثالث، آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر، بدھ سے تہران میں مذاکرات کر رہے ہیں اور انہوں نے ’پیچیدہ مسائل‘ پر اہم پیش رفت کر لی ہے۔


پاکستانی پرچم والا آئل ٹینکر آبنائے ہرمز سے گزر گیا

ڈیٹا، انٹیلی جنس اور انفراسٹرکچر کمپنیوں کیپلر اور ایل ایس ای جی کے مطابق پاکستانی پرچم بردار ٹینکر شالامار متحدہ عرب امارات سے لدا ہوا خام تیل لے کر آبنائے ہرمز کے راستے خلیج سے گزر گیا ہے۔

افرا میکس ٹینکر جمعرات کو اس آبی گزرگاہ سے نکلا جس میں اس ہفتے کے شروع میں لادا گیا ابوظہبی کا تقریباً چار لاکھ 40 ہزار بیرل داس بلینڈ خام تیل موجود ہے۔ ڈیٹا کے مطابق، جہاز 19 اپریل کو اپنا سامان اتارنے کے لیے کراچی کی بندرگاہ کی طرف جا رہا ہے۔

شالامار ان دو پاکستانی ٹینکروں میں سے ایک ہے جو خام تیل اور پٹرولیم مصنوعات لادنے کے لیے اتوار کو آبنائے میں داخل ہوئے تھے۔ پاکستان کے وزیر پٹرولیم نے بدھ کو بتایا کہ شالامار میں متحدہ عرب امارات میں ایڈنوک ٹرمینل سے خام تیل بھرا گیا۔


لبنان جنگ بندی میں ثالثی پر پاکستان کے شکر گزار ہیں: سپیکر ایرانی پارلیمنٹ

ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف نے ’ایکس‘ پر ایک پیغام میں لبنان میں جنگ بندی کے لیے پاکستان کی طرف سے کی جانے والی ثالثی کی کوششوں کو سراہا ہے۔

انہوں اپنے پیغام میں حکومت پاکستان اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کوششوں کا شکریہ ادا کیا۔

پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے تہران میں باقر قالیباف، ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی سمیت دیگر رہنماؤں سے ملاقاتیں کی۔

باقر قالیباف نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ ’جنگ بندی صرف حزب اللہ کی ثابت قدمی اور مزاحمتی محور کے اتحاد کا نتیجہ ہے۔ ہم اس جنگ بندی پر احتیاط کے ساتھ ڈیل کریں گے اور مکمل کامیابی کے حصول تک ایک ساتھ رہیں گے۔‘


لبنان اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی پر عمل شروع

لبنان اور اسرائیل کے درمیان 10 روزہ جنگ بندی جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب سے عمل میں آ گئی ہے۔

اس طرح اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان لڑائی رک سکتی ہے اور ہفتوں کی تباہ کن جنگ کے بعد ایران، امریکہ اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کو وسعت دینے کی کوششوں کو فروغ مل سکتا ہے۔

لبنان کے دارالحکومت کے جنوبی مضافاتی علاقے میں 17 اپریل 2026 کو شہری اسرائیل کے ساتھ جنگ پر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں (اے ایف پی)

جمعرات کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس معاہدے کا اعلان اسرائیل اور لبنان کے درمیان جنگ بندی کے طور پر کیا۔ آدھی رات کے فوراً بعد جنگ بندی کے آغاز کا جشن منانے کے لیے مقامی لوگوں نے ہوائی فائرنگ کی جس سے پورے بیروت میں گولیوں کی آوازیں گونج اٹھیں۔

حکام کے اس انتباہ کے باوجود کہ جب تک جنگ بندی برقرار رہنے کا واضح یقین نہ ہو جائے اپنے گھروں کو لوٹنے کی کوشش نہ کریں، نقل مکانی کرنے والے خاندانوں نے جنوبی لبنان اور بیروت کے جنوبی مضافات کی طرف جانا شروع کر دیا ہے۔


امید ہے حزب اللہ بہتر انداز میں پیش آئے گی: ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امید ظاہر کی ہے کہ حزب اللہ اس اہم وقت میں اچھے اور بہتر انداز میں پیش آئے گی۔

اپنی ٹروتھ سوشل پوسٹ میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ اگر وہ ایسا کرتے ہیں تو یہ ان کے لیے ایک بہت بڑا لمحہ ہو گا۔ مزید کوئی قتل و غارت نہیں۔ آخرکار امن قائم ہونا چاہیے۔

بیروت

لبنان

اسرائیل

جنگ بندی

حزب اللہ

صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران نے اتفاق کیا ہے کہ ’وہ آبنائے ہرمز کو دوبارہ کبھی بند نہیں کرے گا۔‘

 انڈپینڈنٹ اردو

جمعہ, اپریل 17, 2026 - 18:00

Main image:

 25  جون 2025 کو آبنائے ہرمز کے پانیوں میں ایک کشتی سفر کر رہی ہے (اے  ایف پی)

دنیا

jw id:

f5i132QZ

type:

video

label:

لائیو اپ ڈیٹس

related nodes:

ایران سے اسلام آباد میں معاہدہ ہوا تو میں وہاں جا سکتا ہوں: صدر ٹرمپ

امریکہ ایران مذاکرات میں پاکستانی زبردست اور واحد ثالث ہیں: وائٹ ہاؤس

جنگ کا دائرہ پھیل گیا، اسرائیل کے لبنان پر حملے، علاقوں سے انخلا

اسرائیل لبنان کے ساتھ جلد از جلد امن مذاکرات شروع کرنا چاہتا ہے: نتن یاہو

SEO Title:

ایران کا آبنائے ہرمز کھولنے کا اعلان، ٹرمپ کا پاکستانی وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کا شکریہ

copyright:

show related homepage:

Show on Homepage

Discussion in the ATmosphere

Loading comments...