{
"$type": "site.standard.document",
"bskyPostRef": {
"cid": "bafyreidomymffgsbrghswkkl4jja4bakxsg42ytyf6fa7mv23hgegkmwda",
"uri": "at://did:plc:vc2nen26a4wwwtacdiwdpeqk/app.bsky.feed.post/3moqygeog6nq2"
},
"coverImage": {
"$type": "blob",
"ref": {
"$link": "bafkreigcykgs62jnf52ubbbhilwhcflwzrreealdjvtissi2czwdfxcx5i"
},
"mimeType": "image/jpeg",
"size": 88658
},
"path": "/node/186422",
"publishedAt": "2026-06-20T11:51:11.000Z",
"site": "https://www.independenturdu.com",
"tags": [
"پی ٹی آئی",
"انسداد دہشت گردی عدالت",
"نو مئی",
"ارشد چوہدری",
"سیاست",
"news"
],
"textContent": "**لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے نو مئی، 2023 کے واقعات سے متعلق ایک اور مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی کو بری کر دیا جبکہ دیگر اہم رہنماؤں کو 10، 10 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔**\n\nانسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے کوٹ لکھپت جیل میں سماعت کے دوران مغل پورہ پل پر جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے کا فیصلہ سنایا۔\n\nعدالت نے ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، اعجاز چوہدری اور عمر سرفراز چیمہ کو 10، 10 سال قید کی سزا سنائی جبکہ شاہ محمود قریشی کے خلاف الزامات ثابت نہ ہونے پر انہیں بری کرنے کا حکم دیا۔\n\nیہ فیصلہ لاہور میں نو مئی کے واقعات سے متعلق درج 14 مقدمات میں سے آٹھویں مقدمے میں سنایا گیا ہے۔\n\nان مقدمات کا تعلق نو مئی کو عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں ہونے والے پرتشدد احتجاج، سرکاری و عسکری تنصیبات پر حملوں اور توڑ پھوڑ کے واقعات سے ہے۔\n\nپولیس نے اس مقدمے میں 22 ملزمان کے خلاف چالان پیش کیا تھا۔ پراسیکیوشن کے 37 گواہوں کے بیانات اور جرح مکمل ہونے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کیا تھا۔\n\nدوران ٹرائل دو ملزمان، ارباز زمان اور الہٰی بخش، کو اشتہاری قرار دیا گیا جبکہ باقی 15 ملزمان کے خلاف فیصلہ سنایا گیا۔\n\n**شاہ محمود قریشی کے خلاف کتنے مقدمات باقی ہیں؟**\n\nنو مئی 2023 کے پرتشدد احتجاج کے دوران لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، کراچی، ملتان، سیالکوٹ، سرگودھا اور فیصل آباد سمیت ملک بھر میں مجموعی طور پر 55 مقدمات درج کیے گئے تھے۔\n\nان میں سے بیشتر مقدمات کے فیصلے ہو چکے ہیں جبکہ بعض کیسوں کے فیصلے فوجی عدالتوں میں بھی سنائے جا چکے ہیں۔\n\nعدالتی ریکارڈ کے مطابق صرف لاہور میں کور کمانڈر ہاؤس حملے سمیت مختلف تھانوں میں 14 مقدمات درج کیے گئے تھے، جن میں شاہ محمود قریشی بھی نامزد تھے۔\n\nپولیس نے 2025 میں لاہور ہائی کورٹ میں جمع کرائی گئی ایک رپورٹ میں بتایا تھا کہ شاہ محمود قریشی کو نو مئی کے کل نو مقدمات میں نامزد کیا گیا۔\n\n# مزید پڑھ\n\nاس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)\n\nان نو مقدمات میں سے اب تک وہ چھ مقدمات میں بری ہو چکے ہیں جبکہ تین مقدمات ابھی بھی زیر سماعت ہیں اور ان میں وہ نامزد ملزم ہیں۔\n\nقانونی ماہرین کے مطابق اگر ان مقدمات میں بھی انہیں بریت مل جاتی ہے یا لاہور ہائی کورٹ میں زیر سماعت ضمانت کی درخواستیں منظور ہو جاتی ہیں تو ان کی رہائی ممکن ہو سکے گی۔\n\nپی ٹی آئی کے وکیل زبیر کسانہ نے کہا کہ نو مئی کے تمام مقدمات کا جائزہ لیا جائے تو سزاؤں اور بریت کے فیصلوں میں ایک واضح تضاد دکھائی دیتا ہے۔\n\nان کا کہنا تھا ’قانونی تقاضوں کے مطابق فیصلے نہیں ہو رہے بلکہ تحریک انصاف کے ساتھ کھڑے رہنے یا اسے چھوڑنے کے فارمولے کے تحت سزائیں دی جا رہی ہیں۔\n\n’اگرچہ ہم شاہ محمود قریشی کی بریت کا خیر مقدم کرتے ہیں، لیکن انہی مقدمات میں دیگر رہنماؤں کو 10، 10 سال قید کی سزا اور شاہ محمود قریشی کو بری کرنا تقسیم کا تاثر پیدا کرتا ہے۔‘\n\nزبیر کسانہ کے مطابق پارٹی ان سزاؤں کو اعلیٰ عدالتوں میں چیلنج کرے گی۔ ’عدالتوں میں شہادتوں اور ثبوتوں کو نظر انداز کر کے دی جانے والی یہ سزائیں بالآخر اعلیٰ عدالتوں میں ختم ہو جائیں گی۔‘\n\nپی ٹی آئی\n\nانسداد دہشت گردی عدالت\n\nنو مئی\n\nلاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے نو مئی واقعات سے متعلق ایک اور مقدمے میں شاہ محمود کو بری جبکہ دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کو 10، 10 سال قید کی سزا سنا دی۔\n\nارشد چوہدری\n\nہفتہ, جون 20, 2026 - 16:45\n\nMain image:\n\n> <p>دو مارچ، 2022 کو شاہ محمود قریشی سفر کے دوران گفتگو کر رہے ہیں (انڈپینڈنٹ اردو/ شہزاد علی خان)</p>\n\nسیاست\n\ntype:\n\nnews\n\nrelated nodes:\n\nسائفر کیس: عمران خان اور شاہ محمود قریشی بری، تحریری فیصلہ جاری\n\nنو مئی واقعات: عمران خان، شاہ محمود کی 12 مقدمات میں ضمانت\n\nسائفر کیس: عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو 10، 10 سال قید کی سزا\n\nشاہ محمود قریشی کو اڈیالہ جیل کی حدود سے حراست میں لے لیا گیا\n\nSEO Title:\n\nنو مئی مقدمات: شاہ محمود ایک اور کیس میں بری، 3 مقدمات اور اپیلیں زیر سماعت\n\ncopyright:\n\nshow related homepage:\n\nHide from Homepage",
"title": "نو مئی مقدمات: شاہ محمود ایک اور کیس میں بری، 3 مقدمات اور اپیلیں باقی"
}