{
"$type": "site.standard.document",
"bskyPostRef": {
"cid": "bafyreieeksiqiatapjzvrmokvrc2xacajjm72horzyp2zexweny35cptzy",
"uri": "at://did:plc:vc2nen26a4wwwtacdiwdpeqk/app.bsky.feed.post/3mnbe46bzoyq2"
},
"coverImage": {
"$type": "blob",
"ref": {
"$link": "bafkreielmle2birih5xc4vyk2atujmpq6b2gaxoyypdbw4eimeah3uglnm"
},
"mimeType": "image/jpeg",
"size": 71683
},
"path": "/node/186123",
"publishedAt": "2026-06-01T04:38:27.000Z",
"site": "https://www.independenturdu.com",
"tags": [
"Statement",
"pic.twitter.com/oqceuoCHyK",
"June 1, 2026",
"ایران جنگ",
"امریکہ",
"انڈپینڈنٹ اردو",
"دنیا",
"news",
"@KSAmofaEN"
],
"textContent": "**لبنان پر حملے، ایران نے امریکہ سے پیغامات کا تبادلہ بند کر دیا**\n\nایران کی نیم سرکاری خبر ایجنسی تسنیم نے پیر کو کہا کہ ایران کی مذاکراتی ٹیم نے ثالثوں کے ذریعے امریکہ کے ساتھ پیغامات کا تبادلہ روک دیا ہے، جس کی وجہ لبنان پر ہونے والے حملے بتائے گئے ہیں۔ روئٹرز\n\n* * *\n\n**یورپی یونین کا اسرائیل سے لبنان میں فوجی کارروائیاں بند کرنے کا مطالبہ**\n\nیورپی یونین نے پیر کو اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ لبنان میں اپنی فوجی کارروائیاں بند کرے۔\n\nیہ مطالبہ ایسے وقت میں سامنے آیا جب اسرائیلی فوج نے سٹریٹجک اہمیت کے حامل اور تاریخی قلعہ شقیف پر قبضہ کر لیا اور جنوبی بیروت پر دوبارہ حملے شروع کرنے کا اعلان کیا۔\n\nیورپی یونین کے ترجمان انوائر ال انونی نے کہا ’ہم اسرائیل سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ لبنان میں اپنی فوجی کشیدگی کو روکے اور لبنان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کرے۔‘\n\n* * *\n\n**سعودی عرب کی کویت پر ایرانی حملوں کی ’سخت مذمت‘**\n\nسعودی عرب نے ایک بیان میں ’کویت کے خلاف ایران کے بار بار اور بدنیتی پر مبنی حملوں‘ کی سخت مذمت کی ہے۔\n\nسعودی وزارت خارجہ نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا ’مملکت ان حملوں کو مکمل طور پر مسترد کرتی ہے کیونکہ یہ کویت کی خودمختاری کی خلاف ورزی ہیں اور بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے منشور کی کھلی خلاف ورزی کے مترادف ہیں۔‘\n\n> #Statement | The Foreign Ministry expresses the Kingdom of Saudi Arabia’s strongest condemnation and denunciation of the repeated and malicious Iranian attacks against the brotherly State of Kuwait. pic.twitter.com/oqceuoCHyK\n>\n> — Foreign Ministry (@KSAmofaEN) June 1, 2026\n\nبیان میں مزید کہا گیا ’اس قسم کی خلاف ورزیاں خطے میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے جاری بین الاقوامی کوششوں کو نقصان پہنچاتی ہیں۔‘\n\nسعودی عرب نے کویت، اس کی حکومت اور عوام کے ساتھ اپنی مکمل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ کویت کی خودمختاری، سلامتی اور استحکام کے تحفظ اور اس کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے اٹھائے گئے تمام اقدامات کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔\n\n* * *\n\n**امریکہ سے جوہری پروگرام پر بات نہیں ہو رہی: ایران**\n\nایران کی وزارت خارجہ نے پیر کو کہا ہے کہ اس وقت تہران کے جوہری پروگرام سے متعلق تفصیلات پر امریکہ کے ساتھ کوئی بات چیت نہیں ہو رہی ہے۔\n\nوزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا کہ ’ہم جانتے ہیں کہ جوہری معاملات پر کب اقدام کرنا ضروری ہے۔ جوہری فائل کی تفصیلات پر کوئی مذاکرات نہیں ہوئے۔ اس مرحلے پر ہماری ترجیح جنگ کا خاتمہ ہے۔‘\n\nخبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اسماعیل بقائی نے یہ بھی الزام لگایا کہ امریکہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔\n\nتہران میں 25 مئی، 2026 کو سڑک کنارے پر ٹرمپ اور آبنائے ہرمز سے متعلق ایک بڑا بورڈ لگا ہے (اے ایف پی)\n\n\n\n\nان کے بقول: ’امریکہ نے آج صبح بھی جنگ بندی کی خلاف ورزی کی۔ ایران اپنی قومی سلامتی کے دفاع کے لیے جو اقدامات ضروری سمجھے گا، کرے گا۔‘\n\nلبنان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے بقائی نے کہا کہ جنگ کے خاتمے کے لیے کسی بھی معاہدے کی بنیادی شرط لبنان میں جنگ بندی ہے۔\n\nانہوں نے کہا کہ ’ہم اس بات پر زور دیتے ہیں کہ لبنان میں جنگ بندی کسی بھی ایسے معاہدے کے لیے ایک لازمی شرط ہے جس کا مقصد جنگ کا خاتمہ ہو۔‘\n\n* * *\n\n**ایران سے معاہدہ امریکہ اور ساتھ کھڑے لوگوں کے لیے اچھا ہو گا: ٹرمپ**\n\nامریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کو کہا کہ ایران واقعی امریکہ کے ساتھ معاہدہ کرنا چاہتا ہے اور یہ معاہدہ واشنگٹن اور اس کے اتحادیوں کے لیے اچھا ہوگا۔\n\nان کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب چند گھنٹے قبل امریکی فوج نے کہا کہ اس نے ہفتے کے آخر میں ایران کے فوجی ٹھکانوں پر حملے کیے، جبکہ ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے کہا کہ انہوں نے اس کے جواب میں ایک امریکی اڈے کو نشانہ بنایا۔\n\nیہ پیش رفت تین ماہ سے جاری جنگ کو ختم کرنے کے لیے ہونے والے مذاکرات کے دوران حالیہ کشیدگی کی ایک اور کڑی ہے۔\n\nٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر لکھا کہ: ’ایران واقعی معاہدہ کرنا چاہتا ہے، اور یہ امریکہ اور ہمارے ساتھ کھڑے تمام لوگوں کے لیے ایک اچھا معاہدہ ہوگا۔‘\n\nتاہم ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ تنازعے کے گرد جاری سیاسی تبصروں کی وجہ سے ایران کے ساتھ مذاکرات کرنا ان کے لیے زیادہ مشکل ہو گیا ہے۔\n\nانہوں نے کہا کہ ’میرے لیے اپنا کام درست طریقے سے کرنا اور مذاکرات کرنا بہت زیادہ مشکل ہو جاتا ہے جب سیاسی لوگ مسلسل منفی باتیں کرتے رہتے ہیں، کبھی کہتے ہیں تیزی کریں، کبھی کہتے ہیں سست چلیں، کبھی کہتے ہیں جنگ کریں یا نہ کریں، اور اسی طرح کی باتیں بار بار کرتے رہتے ہیں۔‘\n\nٹرمپ نے مزید کہا کہ ’بس سکون سے بیٹھیں، آخر میں سب کچھ ٹھیک ہو جائے گا، ہمیشہ ایسا ہی ہوتا ہے۔‘\n\nاس سے قبل جمعہ کو ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ جلد ہی ایران کے ساتھ جنگ بندی میں توسیع کے مجوزہ معاہدے پر فیصلہ کریں گے۔\n\n* * *\n\n**ایران کے ریڈار، ڈرون کنٹرول مراکز کو نشانہ بنایا: امریکہ**\n\nامریکہ نے کہا ہے کہ اس نے گذشتہ ہفتے کے آخر میں ایران کے علاقے گوروک اور جزیرہ قشم میں ایرانی ریڈار اور ڈرون کنٹرول مراکز پر ’سیلف ڈیفنس‘ کے تحت حملے کیے ہیں۔\n\nامریکی حکام کے مطابق یہ کارروائی تہران کی ’جارحانہ‘ سرگرمیوں کے جواب میں کی گئی۔\n\nامریکی سینٹرل کمانڈ (سنٹ کام) نے اتوار کو ایک بیان میں کہا کہ ایران نے ایک امریکی MQ-1 ڈرون کو مار گرایا تھا، جو بین الاقوامی سمندری حدود کے اوپر پرواز کر رہا تھا۔\n\nسینٹ کام کے مطابق، اس کے جواب میں امریکی جنگی طیاروں نے ایرانی فضائی دفاعی نظام، ایک گراؤنڈ کنٹرول سٹیشن اور خودکش نوعیت کے دو حملہ آور ڈرونز کو تباہ کر دیا۔\n\nبیان میں یہ بھی کہا گیا کہ اس کارروائی میں کسی بھی امریکی فوجی اہلکار کو نقصان نہیں پہنچا۔\n\nگذشتہ ہفتے بھی دونوں ممالک کے درمیان حملوں کا تبادلہ ہوا تھا۔ ایران نے ایک امریکی فضائی اڈے کو نشانہ بنایا تھا، جس کے بعد امریکی فوج نے آبنائے ہرمز کے قریب ایرانی ڈرون آپریشن کو نشانہ بنانے کے لیے حملے کیے تھے۔\n\n* * *\n\n**ایران کا امریکی اڈے کو نشانہ بنانے کا دعویٰ**\n\nایران کی ایلیٹ فورس پاسدارن انقلاب ’آئی آر جی سی‘ نے پیر کو کہا ہے کہ اس کی فضائیہ نے ایک ایسے فضائی اڈے کو نشانہ بنایا، جسے اس کے مطابق امریکہ نے جزیرہ سیریک پر ایک ٹیلی کمیونیکیشن ٹاور پر حملے کے لیے استعمال کیا تھا۔\n\nتاہم ایرانی حکام نے اس فضائی اڈے کی صحیح جگہ نہیں بتائی۔\n\nایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق یہ حملہ دراصل امریکی کارروائی کے جواب میں کیا گیا۔\n\n# مزید پڑھ\n\nاس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)\n\nرپورٹس میں کہا گیا ہے کہ پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا کہ اس نے اس اڈے کو نشانہ بنایا جہاں سے امریکی حملہ شروع کیا گیا تھا، اور اسے ایک ‘انتباہ’ کے طور پر بھی پیش کیا گیا۔\n\nایران نے خبردار کیا کہ اگر امریکہ کی جانب سے مزید کارروائیاں ہوئیں تو اس کا جواب زیادہ سخت ہو سکتا ہے۔\n\nیہ واقعہ خلیج میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور خاص طور پر آبنائے ہرمز کے قریب جاری فوجی جھڑپوں کے سلسلے کی ایک کڑی ہے، جہاں دونوں ممالک ایک دوسرے کے حملوں کا جواب دے رہے ہیں۔\n\n* * *\n\n**کویت میں سائرن، میزائل اور ڈرونز حملوں کو روکا گیا**\n\nکویت کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’کونا‘ کے مطابق پیر کو ملک بھر میں سائرن بجنے لگے جبکہ کویت کے فضائی دفاعی نظام میزائلوں اور ڈرون حملوں کو فضا ہی میں تباہ کرنے میں مصروف رہا۔ تاہم حکام نے اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔\n\nرپورٹس کے مطابق کویت کے ایئر ڈیفنس سسٹمز نے آنے والے میزائل اور ڈرون حملوں کو روکنے کی کوشش کی، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ خطرہ فوری اور حقیقی تھا۔\n\nکویت خلیج کے اس حساس علاقے میں واقع ہے جہاں کئی امریکی فوجی تنصیبات بھی موجود ہیں، اس لیے ایسے حملوں کو علاقائی کشیدگی کا اہم حصہ سمجھا جا رہا ہے۔\n\nایران جنگ\n\nامریکہ\n\nایرانی میڈیا کے مطابق ایران کی مذاکراتی ٹیم نے لبنان پر اسرائیلی حملوں کی وجہ سے ثالثوں کے ذریعے امریکہ کے ساتھ پیغامات کا تبادلہ روک دیا۔\n\nانڈپینڈنٹ اردو\n\nسوموار, جون 1, 2026 - 18:30\n\nMain image:\n\n> <p>یکم جون، 2026 کو جنوبی لبنان کے شہر صور میں اسرائیلی فضائی حملے کے بعد دھوئیں اٹھ رہا ہے (اے ایف پی)</p>\n\nدنیا\n\ntype:\n\nnews\n\nrelated nodes:\n\nمڈٹرم الیکشن کا خوف، ٹرمپ ایران سے معاہدے پر مجبور\n\nایران نے جوہری ہتھیار نہ بنانے پر اتفاق کر لیا ہے: صدر ٹرمپ\n\nٹرمپ کے حد سے زیادہ مطالبات ڈپلومیسی میں خیانت: ایران\n\nSEO Title:\n\nلبنان پر حملے، ایران نے امریکہ سے پیغامات کا تبادلہ بند کر دیا\n\ncopyright:\n\nshow related homepage:\n\nShow on Homepage",
"title": "لبنان پر حملے، ایران نے امریکہ سے پیغامات کا تبادلہ بند کر دیا"
}