{
  "$type": "site.standard.document",
  "bskyPostRef": {
    "cid": "bafyreih4egneqhc42ywnxqlhwt5rmgypaasypt5yn22mfzai2njh6m5dr4",
    "uri": "at://did:plc:vc2nen26a4wwwtacdiwdpeqk/app.bsky.feed.post/3mmzzcipwdel2"
  },
  "coverImage": {
    "$type": "blob",
    "ref": {
      "$link": "bafkreia23zrrip35ctk2yaozk42u4qtee6bnzcgl4jpbmheecpnksg5ttu"
    },
    "mimeType": "image/jpeg",
    "size": 108677
  },
  "path": "/node/186089",
  "publishedAt": "2026-05-30T02:19:48.000Z",
  "site": "https://www.independenturdu.com",
  "tags": [
    "کراچی",
    "میوزیم",
    "موسیقی",
    "تاریخ",
    "ویڈیو",
    "صالحہ فیروز خان",
    "میری کہانی",
    "video"
  ],
  "textContent": "**کراچی کے علاقے پاکستان چوک کی مصروف گلیوں کے بیچ ایک ایسی دنیا آباد ہے جہاں وقت تھم سا گیا ہے۔**\n\nتنگ سیڑھیوں سے گزرتے ہوئے جب آپ سرائے کوارٹرز کی دوسری منزل تک پہنچتے ہیں، تو ایک دروازہ آپ کا استقبال کرتا ہے جس پر فارسی میں درج ہے: ’کسب کمال کن عزیز جہاں شوی۔‘\n\nیہ صرف ایک جملہ نہیں، بلکہ اس گھر کے مکین کی پوری زندگی کا خلاصہ ہے۔\n\nیہ گھر ہے احمد انور کا، جنہوں نے اپنے شوق کو جنون اور جنون کو ایک جیتا جاگتا میوزیم بنا دیا ہے۔\n\nدروازہ کھلتے ہی ایسا معلوم ہوتا ہے، جیسے کسی اور زمانے میں قدم رکھ دیا ہے۔ لکڑی کی چھتیں، دیواریں اور بالکونی سب ماضی کی داستانیں سناتے ہیں۔\n\nیہی وہ بالکونی ہے جہاں سے احمد انور نے پاکستان کے ابتدائی دنوں کی تصویریں محفوظ کیں، جب سڑکوں پر وکٹوریا گاڑیاں چلا کرتی تھیں اور شہر ایک نئی شناخت تراش رہا تھا۔\n\nاحمد انور نے انڈپینڈنٹ اردو کو دیے گئے انٹرویو میں اپنے شوق پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ یہ سفر آج کا نہیں بلکہ ان کے بچپن سے شروع ہوا، جب ان کے والد پرانے سکے اور مہریں جمع کیا کرتے تھے۔ ’اسی روایت کو آگے بڑھاتے ہوئے میرے پاس 70 ممالک کے قدیم سکے موجود ہیں۔‘\n\nانہوں نے مسکراتے ہوئے بتایا: ’پیشے کے اعتبار سے میں ایک آرٹسٹ ہوں، مگر حقیقت میں وقت کا محافظ بھی ہوں۔ میرے لیے یہ اشیا محض کلیکشن نہیں، میری پہچان ہیں، زندگی کا حاصل ہیں۔‘\n\nاحمد انور کے گھر میں ایک ڈیڑھ سو سال پرانا گراموفون بھی رکھا ہے (صالحہ فیروز خان/ انڈپینڈنٹ اردو)\n\n\n\n\nتین کمروں پر مشتمل ان کا گھر تہذیب، فن اور یادوں کا سنگم ہے۔ یہاں ڈیڑھ سو سال پرانا گراموفون بھی رکھا ہے، جو برصغیر کی نوآبادیاتی فضا کی گونج سناتا ہے۔\n\n80 سال پرانا ریڈیو، قدیم لالٹینیں اور نایاب کیمرے بھی ہیں، جن کی ایک وسیع کلیکشن ان کے شوق کی گہرائی کو ظاہر کرتی ہے۔\n\n# مزید پڑھ\n\nاس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)\n\nدیواروں پر آویزاں منی ایچر پینٹنگز صرف فن پارے نہیں، بلکہ احمد انور کے اپنے ہاتھوں کی تخلیق ہیں۔ ان کے اس گھر نما میوزیم میں موجود قیمتی پتھر، نایاب میگزینز اور راجستھان و انڈیا رام پورکے قدیم سروطے سب مل کر ایک ایسی کہانی بناتے ہیں، جو سرحدوں سے ماورا ہے۔\n\nبقول احمد انور: ’دیکھنے والوں کے لیے تو یہ محض ریڈیوگرام ہے، سامان ہے، گھڑیاں ہیں، لوگوں کے لیے یہ چیزیں بے جان ہیں مگر میرے لیے ہر چیز زندہ ہے، ہر چیز کی اپنی کہانی ہے۔ میرے لیے یہ میری زندگی ہے۔ میں نے یہ سب بڑی محبت سے، بڑے پیار سے جمع کیا ہے۔‘\n\nکیا یہ نوادرات پاکستان میں محفوظ رہ پائیں گے؟\n\nاس سوال پر وہ کچھ لمحے خاموشی ہوگئے، پھر انہوں نے ایک تلخ حقیقت بتائی: ’آپ کو شاید یہ سن کر حیرت ہو مگر ہمارے لیے یہ سب بیرونِ ملک بھیج دینا بہت آسان ہے۔\n\n’میں کسی بھی ایمبیسی سے کہوں، وہ فوراً تیار ہو جائیں گےکیونکہ اتنا بڑا کلیکشن کسی کے پاس ایک جگہ پر نہیں ہوتا، لیکن مسئلہ یہ نہیں ہے۔ مسئلہ یہ ہے کہ اسے یہاں کیسے بچایا جائے؟ کیسے محفوظ رکھا جائے تاکہ آنے والے لوگ اسے دیکھ سکیں؟‘\n\nاس موقعے پر ان کی آواز میں بے بسی صاف محسوس ہوئی۔\n\n’میرے اپنے گھر میں مزید سامان رکھنے کی اور جو سامان پیک ہے انہیں نکالنے کی جگہ نہیں بچی۔ آج یہ حالات ہیں کہ میرے پاس سونے کی جگہ نہیں ہوتی۔ گھر کے اندر میں فرش پر سوتا ہوں۔ چاروں طرف میرے کتابیں ہوتی ہیں یا یہ سامان ہوتا ہے۔‘\n\nانہوں نے کہا: ’گھر والے کہتے ہیں کہ یہ سب نکال دو، جگہ بناؤ۔ وہ پوچھتے ہیں کہ میرے بعد اس سب کا کیا ہوگا؟ اور سچ پوچھیں تو میرے پاس اس سوال کا کوئی جواب نہیں ہے۔‘\n\nاحمد انور کا تین کمروں پر مشتمل گھر تہذیب، فن اور یادوں کا سنگم ہے (صالحہ فیروز خان/انڈپینڈنٹ اردو)\n\n\n\n\nساتھ ہی انہوں نے بتایا: ’یہ جو عمارت ہے، یہ ثقافتی ورثہ ہے۔ حکومت ہمارے پیروں کے نیچے سے زمین نکال رہی ہے، اس ہیریٹیج بلڈنگ کو نہیں فروخت ہونا چاہیے لیکن یہ ہیریٹیج بلڈنگ بک چکی ہے۔ اگر کل مجھے یہاں سے نکال دیا گیا تو میں کہاں جاؤں گا، اس سب کے ساتھ؟‘\n\nوہ اپنے فن کی طرف اشارہ کرتے ہیں: ’میری کچھ پینٹنگز ایسی ہیں جو دوبارہ نہیں بن سکتیں۔ مجھے لالٹینوں کا بہت شوق ہے شاید اس لیے کہ میں خود لالٹین کی روشنی میں بڑا ہوا ہوں۔ میرے پاس 60، 70 لالٹینیں ہیں، کچھ ابھی بھی پیک کر کے رکھی ہوئی ہیں۔‘\n\nاحمد انور نے بتایا کہ ’وقت گزر رہا ہے اور جو لوگ ان چیزوں کی مرمت کرتے تھے، وہ اب نہیں رہے۔ یہ چیزیں بھی آہستہ آہستہ خاموش ہو رہی ہیں۔‘\n\nانہوں نے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ ’دنیا بھر میں ایسی کلیکشنز کو جگہ دی جاتی ہے، عجائب گھروں کی زینت بنایا جاتا ہے۔\n\n’ترکی والے، ایران والے، جرمنی، فرانس سب نے مجھ سے رابطہ کیا جہاں جہاں میں نے اس سامان کی نمائش لگائی، تو پاکستان کی حکومت کیوں اس کی قدر نہیں جانتی۔ میں تو پاکستان میں ہی رہتا ہوں پھر بھی؟‘\n\nآخر میں انہوں نے کہا: ’میں چاہتا ہوں کہ میری زندگی میں ہی ان نوادرات کو محفوظ جگہ مل جائے کیونکہ یہ وہ چیزیں ہیں جو میں چاہتا ہوں کہ آنے والی نسلیں انہیں دیکھیں اور پرانے ادوار کی جھلکیوں کو پہچانیں۔‘\n\nکراچی\n\nمیوزیم\n\nموسیقی\n\nتاریخ\n\nویڈیو\n\nپاکستان چوک کے سرائے کوارٹرز میں واقع احمد انور کا تین کمروں پر مشتمل گھر تہذیب، فن اور یادوں کا سنگم ہے۔\n\nصالحہ فیروز خان\n\nہفتہ, مئی 30, 2026 - 07:30\n\nMain image:\n\n> <p class=\"rteright\"> احمد انور کا تین کمروں پر مشتمل گھر تہذیب، فن اور یادوں کا سنگم ہے (صالحہ فیروز خان/انڈپینڈنٹ اردو)</p>\n\nمیری کہانی\n\njw id:\n\nTMX2TQoV\n\ntype:\n\nvideo\n\nrelated nodes:\n\n1965 کی جنگ کی یادیں لاہور آرمی میوزیم میں زندہ\n\nانڈین فوٹوگرافی میوزیم: ’جنگ عظیم دوئم کیمرے کچرے سے خریدے‘\n\nکراچی: مصور اسماعیل گل جی کے فن کو امر کرنے کے لیے میوزیم\n\nدنیا کی ’سب سے عجیب و غریب‘ گاڑیوں کا میوزیم\n\nSEO Title:\n\n’وقت کا محافظ‘: کراچی کے احمد انور نے گھر کو میوزیم بنا دیا\n\ncopyright:\n\nshow related homepage:\n\nShow on Homepage",
  "title": "’وقت کا محافظ‘: کراچی کے احمد انور نے گھر کو میوزیم بنا دیا"
}