{
  "$type": "site.standard.document",
  "bskyPostRef": {
    "cid": "bafyreicc764xldkbhl5rwqhgffsodcra6jr3woxi4mx6uufdotequodzgm",
    "uri": "at://did:plc:vc2nen26a4wwwtacdiwdpeqk/app.bsky.feed.post/3mmaqliblczd2"
  },
  "coverImage": {
    "$type": "blob",
    "ref": {
      "$link": "bafkreihyic7a53ryn67ezzxi3oc4dzdy7rdu3d6rxtcjmcfmroa3gwws6i"
    },
    "mimeType": "image/jpeg",
    "size": 96225
  },
  "path": "/node/185966",
  "publishedAt": "2026-05-19T15:45:00.000Z",
  "site": "https://www.independenturdu.com",
  "tags": [
    "pic.twitter.com/twbuEEbaOm",
    "May 19, 2026",
    "https://t.co/7jAmqmjEyw",
    "فیلڈ مارشل",
    "عاصم منیر",
    "افواج پاکستان",
    "دہشت گردی",
    "پراکسی وار",
    "انڈپینڈنٹ اردو",
    "پاکستان",
    "news",
    "@GovtofPakistan"
  ],
  "textContent": "**وزیراعظم پاکستان شہباز کی صدارت میں منگل کو کوئٹہ میں ہونے والے بلوچستان کے اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے والے کمپنیوں کے تحفظ کے لیے خصوصی اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت سکیورٹی فورسز کے خصوصی ونگز تعینات کیے جائیں گے۔**\n\nاجلاس میں وزیراعظم کو بلوچستان میں سیکیورٹی، ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت، منصوبہ بندی اور دیگر امور پر بریفنگ دی گئی جس میں فیلڈ مارشل عاصم منیر، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، وفاقی وزرا خواجہ آصف، احسن اقبال، سید محسن رضا نقوی، عطا اللہ تارڑ، خالد مگسی، جام کمال خان اور وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے شرکت کی۔\n\nاجلاس میں وزیراعظم نے بلوچستان کے رخشان ڈویژن میں فرنٹیئر کور تعینات کرنے کے احکامات بھی جاری کیے۔\n\nوزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس عمل سے بلوچستان میں معدنیات کے تحفظ کے لیے ایک راہداری قائم ہو گی جس میں فرنٹیئر کور کے اضافی ونگز، شاہراہوں پر سکیورٹی چیک پوسٹس، سرویلنس گرڈ، سرحدوں پر پوسٹس وغیرہ شامل ہوں گی۔\n\nشہباز شریف نے اس موقعے پر کہا کہ ’بلوچستان میں محفوظ ماحول فراہم کرنا معدنیات سے منسلک منصوبوں پر کام کرنے والی مقامی اور بین الاقوامی کمپنیوں کا ملک میں اعتماد برقرار رکھنے کے لیے نا گزیر ہے۔‘\n\nوزیراعظم نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ ’دہشت گردی کی عفریت کے مکمل خاتمے کے لیے پولیس اور دیگر فورسز کی بہترین ٹریننگ اور نئی ٹیکنالوجی انتہائی اہم ہے۔‘\n\nوزیر اعظم کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان بلوچستان کے نوجوانوں کو قومی دھارے میں مؤثر انداز میں شامل کرنے، انہیں بااختیار بنانے اور مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے۔ ان اقدامات میں تعلیمی مواقع میں اضافہ، فنی و پیشہ ورانہ تربیت، روزگار کے مواقع کی فراہمی، سپورٹس اور یوتھ پروگرامز کا فروغ، سکالرشپس، ڈیجیٹل سکلز ٹریننگ، اور نوجوانوں کی فیصلہ سازی کے عمل میں شمولیت شامل ہیں۔\n\n> Prime Minister Muhammad Shehbaz Sharif chairs a meeting of the Provincial Apex Committee of National Action Plan in Quetta. pic.twitter.com/twbuEEbaOm\n\n> — Government of Pakistan (@GovtofPakistan) May 19, 2026\n\n**آپریشن غضب لِلحق پورے عزم کے ساتھ جاری: وزیراعظم**\n\nاس سے قبل کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ میں اساتذہ اور زیر تربیت افسران سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے منگل کو کہا ہے کہ آپریشن غضب لِلحق پورے عزم کے ساتھ جاری ہے، جس کا مقصد افغان طالبان سے وابستہ ’دہشت گرد پراکسی نیٹ ورکس‘ کے خلاف بے گناہ شہریوں کی جان و مال کا دفاع کرنا اور ’دہشت گردوں‘ کے ٹھکانوں اور معاون ڈھانچوں کو نشانہ بنا کر انہیں سزا دینا ہے۔\n\nوزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ حکومت اور سکیورٹی ادارے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور ’کسی بھی خطرے کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔‘\n\nوزیراعظم نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیت، آپریشنل تیاری اور قومی خودمختاری کے دفاع میں دی گئی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ’مسلح افواج نے ہمیشہ مادر وطن کے دفاع میں غیر متزلزل عزم کا مظاہرہ کیا ہے۔‘\n\nانڈیا کے خلاف مئی 2025 میں ہونے والے معرکۂ حق کا حوالہ دیتے ہوئے شہباز شریف نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کو سراہا۔ انہوں نے انڈیا کی بلا اشتعال جارحیت کے مقابلے میں پاکستان کے ذمہ دارانہ اور محتاط رویے کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری نے بھی پاکستان کے مؤقف کو تسلیم کیا ہے۔\n\n> براہِ راست: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کا کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ کے دورے کے دوران خطاب https://t.co/7jAmqmjEyw\n\n> — Government of Pakistan (@GovtofPakistan) May 19, 2026\n\nانہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائے گا اور کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔\n\nوزیراعظم نے جموں و کشمیر اور فلسطین کے عوام کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ بھی کیا۔\n\nانہوں نے دوست ممالک کے افسران کی موجودگی کا ذکر کرتے ہوئے عسکری سفارت کاری اور تعاون کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے ایک ذمہ دار کردار ادا کر رہا ہے۔\n\n**بیرونی سرپرستی میں ’دہشت گردی‘ سے پاکستان کی ترقی نہیں روکی جا سکتی: فیلڈ مارشل**\n\nاس سے قبل فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کو پروپیگنڈہ، جعلی خبروں یا بیرونی سرپرستی میں ہونے والی ’دہشت گردی‘ کے ذریعے نہیں روکا جا سکتا۔\n\nفوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ میں زیر تعلیم افسروں اور فیکلٹی ممبرز سے خطاب میں فیلڈ مارشل نے کہا کہ ’دشمن قوتیں پراکسیز اور پروپیگنڈہ کے ذریعے پاکستان کی پیش رفت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہی ہیں، مگر ریاست کی مضبوطی اور عوام کے اتحاد کی وجہ سے یہ کوششیں ناکام ہوں گی۔‘\n\n# مزید پڑھ\n\nاس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)\n\nچیف آف آرمی سٹاف اور چیف آف ڈیفنس سٹاف نے جدید جنگ کے تیزی سے بدلتے ہوئے کردار کو بھی اجاگر کیا اور ابھرتی ٹیکنالوجیز، کثیر جہتی آپریشنز، تینوں افواج کے باہمی تعاون اور مستقبل کے میدان جنگ کے چیلنجز سے باخبر رہنے کی اہمیت پر زور دیا۔\n\nموجودہ سکیورٹی صورت حال کی نوعیت کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج عوام کی بھرپور حمایت کے ساتھ ہر قسم کی ’دہشت گردی‘ کے خاتمے کے لیے مکمل طور پر پُرعزم ہیں۔\n\nبلوچستان میں پائیدار امن اور استحکام کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے کہا کہ طویل مدتی ترقی کا انحصار عوام پر مبنی حکمت عملی، ہمہ گیر ترقی اور بہتر طرز حکمرانی پر ہے، جو سکیورٹی اقدامات کے ساتھ ساتھ ضروری ہے۔\n\nبلوچستان کو بڑھتی ہوئی عسکریت پسندی کا سامنا ہے جس سے نمٹنے کے لیے حکومت مربوط کوششیں کر رہی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف بھی منگل کو ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچے ہیں جہاں وہ صوبائی قیادت سے ملاقات کریں گے۔\n\nوزیراعظم شہباز شریف ’دہشت گردی‘ کے خاتمے کے لیے مرتب کردہ ’نیشنل ایکشن پلان کی صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت بھی کریں گے۔‘\n\nفیلڈ مارشل\n\nعاصم منیر\n\nافواج پاکستان\n\nدہشت گردی\n\nپراکسی وار\n\nوزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اپیکس کمیٹی اجلاس میں معدنی منصوبوں اور کمپنیوں کے تحفظ کے لیے سکیورٹی فورسز کے خصوصی ونگز تعینات کرنے اور رخشان ڈویژن میں فرنٹیئر کور کی تعیناتی کا فیصلہ کیا گیا۔\n\nانڈپینڈنٹ اردو\n\nمنگل, مئی 19, 2026 - 20:45\n\nMain image:\n\n> <p>19 مئی، 2026 کی اس تصویر میں پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف کوئٹہ میں ایک اپیکس کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے (حکومت پاکستان/ایکس)</p>\n\nپاکستان\n\ntype:\n\nnews\n\nrelated nodes:\n\nفیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورہ ایران مکمل، مسائل کے پرامن حل پر زور\n\nمودی کِلر اور عاصم منیر ایک فائٹر ہیں: صدر ٹرمپ\n\nپاکستان چین فوجی تعاون علاقائی استحکام میں اہم کردار ادا کرتا رہے گا: عاصم منیر\n\nعاصم منیر سے ایران کے حوالے سے بات ہوئی ہے: ڈونلڈ ٹرمپ\n\nSEO Title:\n\nاپیکس کمیٹی کا بلوچستان میں سرمایہ کاری کے تحفظ کے لیے ایف سی تعینات کرنے کا فیصلہ\n\ncopyright:\n\nshow related homepage:\n\nShow on Homepage",
  "title": "اپیکس کمیٹی کا بلوچستان میں سرمایہ کاری کے تحفظ کے لیے ایف سی تعینات کرنے کا فیصلہ"
}