{
  "$type": "site.standard.document",
  "bskyPostRef": {
    "cid": "bafyreif242hsc6n5bans6jqfqzpbg4hikis3ylvvgo3rzqj2lnqzyuchbe",
    "uri": "at://did:plc:vc2nen26a4wwwtacdiwdpeqk/app.bsky.feed.post/3mlwt5l3zc622"
  },
  "coverImage": {
    "$type": "blob",
    "ref": {
      "$link": "bafkreid3gmsugly7jzjj3rxstmh3d245o42432wvr6jdwbpu2m77c46aei"
    },
    "mimeType": "image/jpeg",
    "size": 69022
  },
  "path": "/node/185862",
  "publishedAt": "2026-05-16T01:48:56.000Z",
  "site": "https://www.independenturdu.com",
  "tags": [
    "معاشرہ",
    "شادی",
    "ملازمت",
    "مکان",
    "عروج رضا صیامی",
    "بلاگ",
    "news"
  ],
  "textContent": "**ہمارے معاشرے میں زندگی گزارنا دراصل ایک ’اوپن ہاؤس‘ نمائش میں شرکت کرنے جیسا ہے، جہاں آپ کی زندگی کا ہر فیصلہ تماشائیوں کی تنقید اور ’مفت مشوروں‘ کے ہمہ وقت نشانے پر ہمہ وقت ہوتا ہے۔**\n\nاگر آپ نے غلطی سے اس زمین پر سانس لینے کا حق مانگ لیا ہے، تو سمجھ لیں کہ آپ نے ایک ایسا فارم بھر دیا ہے جس کے خانے پر کرنا آپ کی نہیں بلکہ محلے کی اس پھوپھی، خالہ یا دور کے اس چچا کی ذمہ داری ہے جن سے آپ سال میں صرف ایک بار عید پر ملتے ہیں۔\n\nیہاں انسان پیدا ہوتے ہی ایک ایسے مقابلے کا حصہ بن جاتا ہے جس کی فنشنگ لائن کا کسی کو پتہ نہیں، لیکن دوڑنا سب کے لیے فرض ہے۔\n\nسب سے پہلا اور مقبولِ عام سوال ’شادی کب ہو رہی ہے؟‘ ایک ایسا ایٹمی حملہ ہے جو ہر اس نوجوان پر کیا جاتا ہے جس نے غلطی سے اپنی تعلیم مکمل کر لی ہو یا جس کے سر پر چند بال سفید نظر آنے لگیں۔\n\nلوگ آپ کی ڈگری، آپ کی اخلاقیات یا آپ کی انسانیت میں اتنی دلچسپی نہیں رکھتے جتنی اس بات میں رکھتے ہیں کہ آپ کے نکاح نامے پر دستخط کب ہوں گے۔\n\nگویا کہ شادی کوئی زندگی کا حصہ نہیں بلکہ ایک ایسا ’سافٹ ویئر اپ ڈیٹ‘ ہے جس کے بغیر انسانی مشین کو معاشرہ ناکارہ قرار دے دیتا ہے۔\n\nکوئی یہ نہیں پوچھتا کہ بھائی یا بہن، کیا تم ذہنی طور پر شادی کے لیے تیار ہو؟ کیا تم کسی کے ساتھ زندگی بانٹنے کا حوصلہ رکھتے ہو؟ نہیں،\n\nسوال صرف یہ ہوتا ہے کہ ’بریانی کب کھلا رہے ہو؟‘ یعنی ایک انسان کی پوری زندگی کا مقصد صرف چند سو لوگوں کو لذیذ کھانا کھلانا رہ گیا ہے۔\n\nپھر اگر قسمت کے مارے کسی نے شادی کر ہی لی، تو اگلے ہی مہینے سے ’خوش خبری‘ کا مطالبہ شروع ہو جاتا ہے۔\n\nیہاں تو عالم یہ ہے کہ دولہا دلہن ابھی ہنی مون کی تصاویر اپ لوڈ نہیں کر پاتے کہ محلے کے بزرگوں کے نزدیک اگلی نسل کی پیدائش میں تاخیر ایک ’قومی المیہ‘ بن جاتی ہے۔\n\nاولاد اللہ کی دین ہے یا انسان کا ذاتی فیصلہ، یہ بحث تو ہمارے ہاں شجرِ ممنوعہ ہے۔ اگر کسی کے ہاں اولاد نہ ہو رہی ہو، تو میڈیکل سائنس سے پہلے ’ٹوٹکوں‘ اور ’روحانی مشوروں‘ کی بارش ہو جاتی ہے۔\n\nہر تیسرا شخص خود کو گائناکالوجسٹ سمجھنے لگتا ہے اور ایسی ایسی تشخیص کرتا ہے کہ بندہ سوچتا ہے کہ شاید میں انسان نہیں بلکہ کوئی لیبارٹری کا چوہا ہوں جس پر پورے خاندان نے تجربات کرنے ہیں۔\n\nمعاشرے کو اس بات سے غرض نہیں کہ وہ جوڑا ابھی شاید معاشی طور پر مستحکم نہیں، یا شاید وہ پہلے ایک دوسرے کو سمجھنا چاہتے ہیں انہیں تو بس گود میں کھلانے کے لیے ایک کھلونا چاہیے، چاہے اس کھلونے کی پرورش کے لیے والدین کی نیندیں اور سکون ہی کیوں نہ قربان ہو جائے۔\n\nاس کے بعد باری آتی ہے ’اپنا گھر‘ بنانے کی۔ کرائے کے مکان میں رہنا ہمارے معاشرے میں تقریبا ایک ایسی گالی بن چکا ہے جسے سن کر لوگ آپ پر ترس کھانے لگتے ہیں۔\n\nاگر آپ ایک اچھے علاقے میں کرائے کے مکان میں پرسکون زندگی گزار رہے ہیں، تو بھی کوئی نہ کوئی صاحب آ کر آپ کے کان میں پھونک ماریں گے کہ ’میاں، کرایہ تو برباد ہو جاتا ہے، چاہے چھوٹا ہی سہی لیکن اپنا مکان تو ہو۔‘\n\nاب ان صاحب کو یہ کون سمجھائے کہ ’اپنا گھر‘ بنانے کے چکر میں انسان اپنی جوانی، اپنے بچوں کی خوشیاں اور اپنی صحت بینک کے سود اور قرضوں کی نذر کر دیتا ہے۔\n\nمکان اینٹوں سے بنتا ہے لیکن گھر سکون سے مگر ہمارے ہاں ترجیح اینٹوں کو دی جاتی ہے۔\n\nبندہ بھوکا مر جائے، بچوں کو معیاری تعلیم نہ دلوا سکے، والدین کا علاج نہ کروا سکے، لیکن اس کے نام پر ایک پلاٹ ہونا ضروری ہے تاکہ مرنے کے بعد سوئم کے موقع پر لوگ کہہ سکیں کہ ’ماشا اللہ، مرحوم نے پیچھے جائیداد تو چھوڑی ہے۔‘\n\nپھر ان نوجوانوں کا حال دیکھیں جو کچھ الگ کرنا چاہتے ہیں۔ اگر کوئی لڑکا نوکری کے بجائے کاروبار کی بات کرے یا فری لانسنگ کے ذریعے ڈالرز کمانے کی کوشش کرے، تو گھر والے اور رشتہ دار اسے ’ویلا‘ قرار دے دیتے ہیں۔\n\n# مزید پڑھ\n\nاس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)\n\nجب تک آپ صبح نو سے پانچ بجے تک کسی دفتر کی فائلیں نہیں چاٹتے، تب تک آپ ’سیٹل‘ نہیں مانے جاتے۔ ’بیٹا، کرتے کیا ہو؟‘ یہ سوال نہیں بلکہ ایک طنز کا نشتر ہے۔\n\nاگر آپ کہیں کہ میں آرٹسٹ ہوں، رائٹر ہوں یا یوٹیوبر ہوں، تو اگلا جملہ ہوگا وہ تو ٹھیک ہے، لیکن کام کیا کرتے ہو؟\n\nیعنی تخلیقی کام یا اپنی پسند کا پیشہ اختیار کرنا ہمارے ہاں وقت کا ضیاع سمجھا جاتا ہے۔ ہم ایک ایسی بھیڑ چال کا اب بھی شکار ہیں جہاں ڈاکٹر اور انجینئر بننا ہی کامیابی کی معراج ہے، چاہے وہ ڈاکٹر مریض کے بجائے صرف اپنی ڈگری دیکھ کر ہی خوش ہوتا رہے۔\n\nبدلتے ہوئے دور نے نئی نسل کو تھوڑا سا باغی بنا دیا ہے، اور سچ تو یہ ہے کہ یہ بغاوت ضروری تھی۔ آج کا نوجوان یہ سمجھ چکا ہے کہ زندگی دوسروں کے سوالوں کے جواب دینے کا نام نہیں بلکہ اپنی شرائط پر جینے کا نام ہے۔ وہ ذہنی سکون کو ترجیح دیتے ہیں۔\n\nوہ جانتے ہیں کہ ایک زہریلے رشتے میں بندھ جانے سے بہتر ہے کہ انسان تنہا رہ کر اپنی شخصیت پر کام کر لے۔ وہ سمجھتے ہیں کہ کرائے کے مکان میں ہنستے مسکراتے رہنا اس محل سے بہتر ہے جس کی بنیادیں قرض اور ذہنی تناؤ پر رکھی گئی ہوں۔\n\nلیکن معاشرہ ابھی بھی تقریبا وہیں کھڑا ہے۔ ہم اب بھی دوسروں کے بیڈ روم سے لے کر ان کے بینک بیلنس تک ہر چیز میں جھانکنا اپنا حق سمجھتے ہیں۔\n\nہم یہ بھول جاتے ہیں کہ ہر انسان کی اپنی ایک ٹائم لائن ہوتی ہے۔ کسی کو منزل جلدی مل جاتی ہے، کسی کو دیر سے، اور کسی کی منزل وہ ہوتی ہی نہیں جو سب کو نظر آ رہی ہوتی ہے۔\n\nاصلاح کا پہلو یہ ہے کہ ہمیں ’جیو اور جینے دو‘ کے فلسفے کو صرف سوشل میڈیا ایپس کے سٹیٹس تک محدود نہیں رکھنا چاہیے۔\n\nدوسروں کی زندگی میں تجسس دکھانا دراصل ہماری اپنی زندگی کے کھوکھلے پن کی علامت ہے۔\n\nجب ہمارے پاس اپنی زندگی میں کرنے کو کچھ نہیں ہوتا، تو ہم دوسروں کے آنگن میں لگے درختوں کے پھل گننا شروع کر دیتے ہیں۔\n\nہمیں یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ کسی کی شادی نہ ہونا، کسی کا بے اولاد ہونا یا کسی کا بے روزگار ہونا اس کا ذاتی مسئلہ ہو سکتا ہے، لیکن اس پر سوال اٹھانا ہماری بدتہذیبی ہے۔\n\nہمیں ہمدردی اور تجسس کے درمیان کی باریک لکیر کو پہچاننا ہوگا۔ دعا دینا اور حوصلہ بڑھانا ایک انسانی صفت ہے، جبکہ کریدنا اور طنز کرنا ایک معاشرتی بیماری ہے۔\n\nآئیے تھوڑی دیر کے لیے دوسروں کے فیصلوں پر جج بننا چھوڑ دیں۔ اگر کوئی لڑکی اپنی تعلیم اور کیریئر کے لیے شادی میں تاخیر کر رہی ہے، تو وہ کسی بوجھ کے بجائے ایک مثال ہے۔\n\nاگر کوئی نوجوان اپنی راہ تلاش کر رہا ہے، تو وہ نکما نہیں بلکہ ایک جدوجہد کرنے والا سپاہی ہے۔\n\nزندگی ایک ہی بار ملتی ہے اور اسے دوسروں کے ’لوگ کیا کہیں گے‘ کے خوف میں گزار دینا سب سے بڑی ناکامی ہے۔\n\nہمیں ایک ایسا معاشرہ بنانا چاہیے جہاں لوگ ایک دوسرے سے یہ نہ پوچھیں کہ تم نے اب تک کیا حاصل کیا؟ بلکہ یہ پوچھیں کہ تم خوش تو ہو نا؟\n\nخدارا لوگوں کو ان کے حال پر چھوڑ دیں، شاید وہ اپنے حال میں ہم سے زیادہ خوش ہوں، اگر ہم ان کے حال میں مخل ہونا چھوڑ دیں۔\n\nنوٹ: یہ تحریر مصنفہ کی رائے پر مبنی ہے اور ادارے کا متفق ہونا ضروری نہیں۔\n\nمعاشرہ\n\nشادی\n\nملازمت\n\nمکان\n\nہم اب بھی دوسروں کے بیڈ روم سے لے کر ان کے بینک بیلنس تک ہر چیز میں جھانکنا اپنا حق سمجھتے ہیں۔ ہم یہ بھول جاتے ہیں کہ ہر انسان کی اپنی ایک ٹائم لائن ہوتی ہے۔\n\nعروج رضا صیامی\n\nسوموار, مئی 11, 2026 - 06:45\n\nMain image:\n\n> <p class=\"rteright\">یہاں انسان پیدا ہوتے ہی ایک ایسے مقابلے کا حصہ بن جاتا ہے جس کی فنشنگ لائن کا کسی کو پتہ نہیں (اینواتو)</p>\n\nبلاگ\n\ntype:\n\nnews\n\nrelated nodes:\n\nپاکستان میں اے آئی سے بنے اشتہار سے جڑے اخلاقی سوال\n\nنور مقدم کیس میں اختلافی نوٹ: چند سلگتے سوالات\n\nنوجوانوں کے سوشل میڈیا پر پابندی ضروری\n\nنوجوان نسل موبائل فون کا استعمال تیزی سے ترک کیوں کر رہی ہے؟\n\nSEO Title:\n\nہماری زندگی اب اوپن ہاؤس نہیں ہے، برائے مہربانی!\n\ncopyright:\n\nshow related homepage:\n\nHide from Homepage",
  "title": "ہماری زندگی اب اوپن ہاؤس نہیں ہے، برائے مہربانی!"
}