{
"$type": "site.standard.document",
"bskyPostRef": {
"cid": "bafyreih7sdxm63i4gc3ycubemkt3uxvmqon3hghx2xw7dwh7vpkkyyz37y",
"uri": "at://did:plc:vc2nen26a4wwwtacdiwdpeqk/app.bsky.feed.post/3mjnem4nypa42"
},
"coverImage": {
"$type": "blob",
"ref": {
"$link": "bafkreihx4curo7csqxnlzx565kubrl67q6jq35ln73zexaij66z2djfgni"
},
"mimeType": "image/jpeg",
"size": 53873
},
"path": "/node/185513",
"publishedAt": "2026-04-16T06:53:18.000Z",
"site": "https://www.independenturdu.com",
"tags": [
"فیفا ورلڈ کپ 2026",
"امریکہ",
"شائقین",
"ہوٹل انڈسٹری",
"گریگ گرازیوسی",
"فٹ بال",
"news"
],
"textContent": "**امریکی ہوٹلوں کو توقع تھی کہ اس موسمِ گرما میں فیفا ورلڈ کپ 2026 کے شائقین کی آمد سے ہوٹل مکمل طور پر بھر جائیں گے، تاہم اب جیو پولیٹیکل صورتحال (مشرق وسطیٰ میں امریکی جنگ) اور مالی خدشات کے باعث کچھ فٹبال شائقین نے سفر نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے نتیجے میں ہوٹل اپنی قیمتیں کم کر رہے ہیں۔**\n\nفنانشل ٹائمز نے ’لائٹ ہاؤس انٹیلیجنس‘ کے ڈیٹا کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ میچ کے دنوں میں میامی، ڈیلس، سان فرانسسکو، فلاڈیلفیا اور اٹلانٹا سمیت کئی میزبان شہروں میں ہوٹل کمروں کے کرائے اس سال کے آغاز میں اپنی بلند ترین سطح کے مقابلے میں تقریباً ایک تہائی تک کم ہو گئے ہیں۔\n\nنیویارک سٹی ہوٹل ایسوسی ایشن کے صدر وجے دنداپانی نے فنانشل ٹائمز کو بتایا کہ اب تک طلب میں کوئی نمایاں اضافہ دیکھنے میں نہیں آیا۔ ان کے بقول، ممکن ہے آئندہ کچھ بہتری آئے، لیکن فی الحال یہ وہ غیر معمولی صورتحال نہیں جس کی پیش گوئی فیفا نے کی تھی۔\n\n2024 میں فیفا کے صدر نے شمالی امریکہ کے میزبان شہروں کو یقین دلایا تھا کہ میچز کے دوران لاکھوں شائقین کی آمد متوقع ہے، تاہم موجودہ اعداد و شمار اس اندازے کے برعکس جا رہے ہیں۔\n\nفیفا نے اس سال کے ورلڈ کپ ایونٹس کے لیے پہلے سے بک کیے گئے ہزاروں ہوٹل کمروں کی ریزرویشن بھی منسوخ کر دی ہے، جن میں فلاڈیلفیا، ڈیلس، میکسیکو سٹی اور وینکوور شامل ہیں۔\n\nگریٹر فلاڈیلفیا ہوٹل ایسوسی ایشن کے مطابق، شہر کے ہوٹلوں میں تقریباً دو ہزار کمروں کی بکنگ پہلے ہی منسوخ کی جا چکی ہے، جبکہ اس سے قبل ٹورنامنٹ کے لیے تقریباً 10 ہزار کمرے مختص کیے گئے تھے۔\n\nمارچ کے اوائل میں میکسیکو سٹی میں بھی فیفا نے اپنے 40 فیصد ہوٹل کمروں کی بکنگ منسوخ کر دی تھی جبکہ اپریل کے آغاز میں ڈیلس اور آرلنگٹن، ٹیکسس میں بھی کچھ ریزرویشنز ختم کی گئیں۔ آرلنگٹن 2026 میں نو میچز کی میزبانی کرے گا، جو کسی بھی دوسرے شہر سے زیادہ ہیں۔\n\nیونیورسٹی آف نارتھ ٹیکسس کے سپورٹس مینجمنٹ کے پروفیسر باب ہیرے نے کہا کہ مقامی شائقین ممکنہ طور پر ٹیکسس کے میچز کو بھر دیں گے، تاہم امریکی صدر ٹرمپ کی ایران کے ساتھ جنگ اور عالمی تجارتی کشیدگی کے باعث پیدا ہونے والے امریکہ مخالف جذبات سے کچھ بین الاقوامی شائقین امریکہ کے سفر سے گریز کر سکتے ہیں۔\n\nانہوں نے کہا: ’حالیہ برسوں میں امریکی حکومت کی پالیسیوں نے دنیا کو ایک واضح پیغام دیا ہے، اور بہت سے لوگ امریکہ آنے کے حوالے سے فکرمند ہیں۔‘\n\nفیفا کے اطالوی صدر جیانی انفانٹینو 2026 فیفا فٹ بال ورلڈ کپ کی قرعہ اندازی کے دوران دیکھے جا سکتے ہیں، جو 5 دسمبر 2025 کو واشنگٹن ڈی سی کے کینیڈی سینٹر میں منعقد ہوئی (جم واٹسن / اے ایف پی)\n\n\n\n\nہوٹل آپریٹر ایچ آر آئی ہاسپیٹیلٹی کے چیف کمرشل آفیسر لیور سیکلر نے بھی اسی طرح کے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’واضح طور پر اس وقت لوگوں کی امریکہ آنے کی خواہش میں کمی آئی ہے۔‘\n\nبین الاقوامی مسافروں کی حوصلہ شکنی کی ایک اور بڑی وجہ ٹکٹوں کی قیمتیں بھی ہیں۔\n\n# مزید پڑھ\n\nاس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)\n\nامریکی شائقین کے لیے فیفا کے ٹکٹ خریدنا نسبتاً آسان ہے کیونکہ انہیں بین الاقوامی سفر اور ہوٹل اخراجات شامل نہیں کرنے پڑتے۔\n\nفیفا کی جانب سے دسمبر میں جاری کردہ قیمتوں کے مطابق ابتدائی مرحلے کے چند میچز کے ٹکٹ 140 ڈالر سے شروع ہو کر امریکہ اور پیراگوئے کے افتتاحی میچ کے لیے 2,735 ڈالر تک پہنچ گئے، جو لاس اینجلس میں کھیلا جائے گا۔ بعد کے مرحلوں میں قیمتیں اور بھی زیادہ ہیں اور نیو جرسی میں ہونے والے فائنل کے لیے سب سے سستا ٹکٹ 4,165 ڈالر جبکہ مہنگا ترین 8,680 ڈالر تک ہے۔\n\nفیفا کا کہنا ہے کہ اس نے ابتدائی طور پر ہوٹل کمروں کی بکنگ اپنے عملے، میڈیا اور ٹورنامنٹ سے وابستہ افراد کے لیے کی تھی اور جیسے جیسے شرکا کی تعداد واضح ہوتی ہے، ویسے ویسے بکنگ میں ردوبدل کیا جاتا ہے۔\n\nفیفا کے ترجمان نے کہا: ’یہ کمرے فیفا کے عملے، میڈیا اداروں اور ٹورنامنٹ کے آپریشنل پارٹنرز کے لیے مختص کیے گئے تھے۔ جیسے جیسے میچز کے قریب شرکا کے اعداد و شمار واضح ہوتے ہیں، فیفا ہوٹل بکنگ میں اسی حساب سے تبدیلی کرتا ہے۔‘\n\nانڈیپنڈنٹ نے اس معاملے پر فیفا سے مزید مؤقف کے لیے رابطہ کیا ہے۔\n\nفیفا ورلڈ کپ 2026\n\nامریکہ\n\nشائقین\n\nہوٹل انڈسٹری\n\nجیو پولیٹیکل کشیدگی، امریکہ مخالف جذبات اور مہنگے ٹکٹس نے بین الاقوامی شائقین کی آمد کو متاثر کیا ہے جس سے ہوٹلوں کے کرائے ایک تہائی تک کم ہو گئے۔\n\nگریگ گرازیوسی\n\nجمعرات, اپریل 16, 2026 - 13:00\n\nMain image:\n\n> <p>فیفا ورلڈ کپ ٹرافی کو 5 دسمبر 2025 کو واشنگٹن میں جان ایف کینیڈی سینٹر برائے پرفارمنگ آرٹس میں فیفا ورلڈ کپ 2026 کے سرکاری ڈرا کے دوران دکھی گئی (فائل فوٹو/ اے ایف پی)</p>\n\nفٹ بال\n\ntype:\n\nnews\n\nrelated nodes:\n\nفیفا ورلڈ کپ فائنل کی ٹکٹس اوپن مارکیٹ میں 11 ہزار ڈالر کی\n\nفیفا ورلڈ کپ 2026 فاتحین کو ریکارڈ 5 کروڑ ڈالر انعامی رقم دے گا\n\nفٹ بال ورلڈ کپ کو ایران کی جنگ اور میکسیکو میں تشدد کے چیلنجز کا سامنا\n\nقیمتوں پر تنقید کے بعد فیفا ورلڈ کپ کے سستے ٹکٹ متعارف\n\nSEO Title:\n\nمتوقع شائقین میں کمی، فیفا ورلڈ کپ سے پہلے امریکی ہوٹل سستے: رپورٹ\n\ncopyright:\n\nIndependentEnglish\n\norigin url:\n\nhttps://www.the-independent.com/news/world/americas/hotel-prices-world-cup-demand-report-b2958460.html\n\nshow related homepage:\n\nHide from Homepage",
"title": "متوقع شائقین میں کمی، فیفا ورلڈ کپ سے پہلے امریکی ہوٹل سستے: رپورٹ"
}