{
  "$type": "site.standard.document",
  "bskyPostRef": {
    "cid": "bafyreie5r47l67edx5kihsjciqicchhsar6ng6ns5trdqolpamnqrbt5hu",
    "uri": "at://did:plc:vc2nen26a4wwwtacdiwdpeqk/app.bsky.feed.post/3mjnelbd6k2x2"
  },
  "coverImage": {
    "$type": "blob",
    "ref": {
      "$link": "bafkreidqswa2io3vyxcgugs7bu5n3o6lqnnjb4dptxz65j5wqh44ynr6m4"
    },
    "mimeType": "image/jpeg",
    "size": 83003
  },
  "path": "/node/185510",
  "publishedAt": "2026-04-16T13:15:48.000Z",
  "site": "https://www.independenturdu.com",
  "tags": [
    "April 16, 202",
    "View this post on Instagram",
    "A post shared by Independent Urdu (@indyurdu)",
    "امریکہ",
    "صدر ڈونلڈ ٹرمپ",
    "ایران",
    "ایران جنگ",
    "اسلحہ",
    "انڈپینڈنٹ اردو",
    "دنیا",
    "news",
    "لائیو اپ ڈیٹس",
    "@LBpresidency"
  ],
  "textContent": "**امریکہ اور ایران کے درمیان دو ہفتے کا سیز فائر جاری۔** **دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور اسلام آباد میں ہی ہونے کا امکان۔** **ثالثی کی کوششیں جاری۔** **لبنان اور اسرائیل بھی آج سے 10 روزہ جنگ بندی پر متفق** **لائیو اپ ڈیٹس**\n---\n\n* * *\n\n**ایران کے ساتھ اسلام آباد میں معاہدہ ہوتا ہے تو ہو سکتا میں جاؤں: صدر ٹرمپ**\n\nامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعرات کو کہا کہ اگر اسلام آباد میں ایران سے معاہدہ ہو جاتا ہے اور اس پر دستخط ہو جاتے ہیں تو وہ جا سکتے ہیں اور ایران تقریباً ہر چیز پر راضی ہو چکا ہے۔\n\nوائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعرات کو کہا ہے کہ ایران اپنی افزودہ یورینیم کی سپلائی حوالے کرنے پر راضی ہو گیا ہے۔\n\nایران کے ساتھ جنگ ​​بندی میں توسیع کے امکان کے بارے میں پوچھے جانے پر امریکی صدر نے کہا ہے کہ ’ہم بہت اچھا کام کر رہے ہیں، میں آپ کو بتا سکتا ہوں، ہو سکتا ہے کہ یہ اس سے پہلے ہو جائے، مجھے یقین نہیں ہے کہ اس (جنگ بندی) میں توسیع کی ضرورت ہے۔‘\n\nانہوں نے کہا کہ ’ایران ایک معاہدہ کرنا چاہتا ہے، اور ہم ان کے ساتھ بہت اچھے طریقے سے نمٹ رہے ہیں۔‘\n\n’وہ کہتے ہیں ہمارے پاس کوئی جوہری ہتھیار نہیں ہونا چاہئے، یہ ایک بڑا عنصر ہے، اور وہ آج وہ کام کرنے پر راضی ہیں جو وہ دو مہینے پہلے کرنے کو تیار نہیں تھے۔‘\n\n* * *\n\n**جنگ بندی شروع ہونے سے چند گھنٹے قبل اسرائیلی حملہ، 7 اموات: لبنانی وزات صحت**\n\nلبنان کی وزارے صحت نے جمعرات کو بتایا کہ اسرائیل کے ساتھ 10 روزہ جنگ بندی کا نفاذ شروع ہونے سے محض چند گھنٹے قبل ملک کے جنوبی قصبے غازیہ پر اسرائیلی حملے میں کم از کم سات افراد جان سے چلے گئے اور 33 زخمی ہوئے۔\n\nلبنان کے سرکاری میڈیا نے قصبے میں ’شہریوں کے خلاف قتل عام‘ کی اطلاع دی، جس میں کہا گیا کہ ملبہ ہٹانے کی کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ وزارت صحت نے کہا کہ اس کی تعداد ’ابتدائی اور حتمی نہیں‘ ہے۔\n\n* * *\n\n**اسرائیل ہم پر حملے بند کرے تو جنگ بندی کا احترام کریں گے: حزب اللہ**\n\nحزب اللہ کے قانون ساز ابراہیم الموسوی نے جمعرات کو کہا ہے کہ اگر اسرائیل لبنانی گروپ پر حملے بند کرتا ہے تو وہ اسرائیل کے ساتھ ملک کی جنگ بندی کا احترام کریں گے۔\n\nانہوں نے جمعرات کو اے ایف پی کو بتایا کہ ’ہم حزب اللہ میں جنگ بندی کی احتیاط سے اس شرط پر عمل کریں گے کہ یہ ہمارے خلاف دشمنی کو ایک جامع روک دے اور اسرائیل اسے کسی بھی قتل کے لیے استعمال نہ کرے۔‘\n\nانہوں نے مزید کہا کہ ’ہم لبنان کے حق میں دباؤ ڈالنے پر ایران کا شکریہ ادا کرتے ہیں،‘\n\nمزید کہا کہ ’ایران جنگ بندی کو آبنائے ہرمز کو بند کرنے کے برابر سمجھے بغیر جنگ بندی نہیں ہو سکتی تھی۔‘\n\n* * *\n\n**اسرائیل اور لبنان کے درمیان 10 روزہ جنگ بندی کا معاہدہ طے پا گیا: صدر ٹرمپ**\n\nامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نتن یاہو اور لبنانی ہم منصب جوزف عون سے بات کرنے کے بعد کہا ہے کہ اسرائیل اور لبنان نے جمعرات کو 10 روزہ جنگ بندی پر اتفاق کر لیا ہے۔\n\nاے ایف پی کے مطابق، ٹرمپ نے اپنے ٹروتھ سوشل نیٹ ورک پر لبنان کی حزب اللہ تحریک کا ذکر کیے بغیر کہا، ’ان دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا ہے کہ اپنے ملکوں کے درمیان امن کے حصول کے لیے، وہ باضابطہ طور پر شام 5 بجے 10 دن کی جنگ بندی کا آغاز کریں گے۔‘\n\nٹرمپ نے کہا، ’ان دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ اپنے ممالک کے درمیان امن کے حصول کے لیے، وہ باضابطہ طور پر شام 5 بجے EST سے 10 دن کی جنگ بندی کا آغاز کریں گے۔‘\n\nامریکی صدر نے مزید کہا انہوں نے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس، سکریٹری آف اسٹیٹ مارکو روبیو اور اعلیٰ امریکی فوجی افسر ڈین کین کو ہدایت کی ہے کہ وہ دونوں ممالک کے ساتھ مل کر کام کریں۔\n\n28 فروری کو اسرائیل کے ساتھ مل کر ایران کے خلاف جنگ کا آغاز کتنے والے ٹرمپ نے کہا کہ ’دنیا بھر میں 9 جنگوں کو حل کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے، اور یہ میری 10ویں جنگ ہوگی، تو آئیے، اسے مکمل کریں!‘\n\n* * *\n\n**فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایران کے خاتم الانبیا کے کمانڈر سے ملاقات کی: ارنا**\n\nایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا نے اطلاع دی ہے کہ پاکستان کے آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جمعرات کو ایران کے خاتم الانبیا سنٹرل ملٹری ہیڈ کوارٹر کے کمانڈر سے ملاقات کی اور انہیں جنگ ​​کے خاتمے کے لیے کیے گئے اقدامات کی رپورٹ پیش کی ہے۔\n\n* * *\n\n**لبنانی صدر کا دیرپا امن کے لیے ٹرمپ کی کوششوں کا شکریہ**\n\nلبنان کے صدر جوزف عون نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ’دیرپا امن اور استحکام‘ کے لیے ان کی کوششوں پر شکریہ ادا کیا ہے۔\n\nدونوں رہنماؤں کے درمیان فون کال کے بعد ان کے دفتر نے ایکس پر ایک بیان میں کہا کہ ’وہ جلد از جلد آگ کو روکنے کے لیے ان کوششوں کے جاری رہنے کی خواہش کرتے ہیں۔‘\n\nبیان میں مزید کہا گیا کہ ’ٹرمپ نے صدر عون اور لبنان کی حمایت کے ساتھ جواب دیا، اور جلد از جلد جنگ بندی کی لبنانی درخواست کو پورا کرنے کے اپنے عزم پر زور دیا۔‘\n\n> تم اتصال هاتفي بعد ظهر اليوم بين الرئيس الاميركي دونالد ترامب والرئيس اللبناني جوزاف عون جدد خلاله الرئيس عون شكره للجهود التي يبذلها ترامب من اجل التوصل إلى وقف إطلاق نار في لبنان وتامين السلم والاستقرار بشكل دائم تمهيدا لتحقيق العملية السلمية في المنطقة وتمنى عليه استمرار هذه…\n>\n> — Lebanese Presidency (@LBpresidency) April 16, 202\n\n* * *\n\n**اس وقت ترجیح امریکہ، ایران کو مذاکرات کی طرف دھکیلنا ہے: چینی وزیر خارجہ**\n\nچین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا ہے کہ اس وقت ترجیح امریکہ اور ایران کو مذاکرات کی طرف دھکیلنا ہے۔\n\nچینی وزیر خارجہ نے بیجنگ میں اپنے اطالوی ہم منصب انتونیو تاجانی سے ملاقات کے دوران طویل تنازعہ کے بین الاقوامی توانائی کی سلامتی اور آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کے راستوں کی سلامتی پر پڑنے والے سنگین اثرات کا حوالہ دیتے ہوئےیہ بات کہی۔\n\nچینی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ہونے والے اجلاس کے خلاصے کے مطابق، چین بین الاقوامی اور علاقائی مسائل پر اٹلی کے ساتھ تعاون اور ہم آہنگی کو بڑھانے کے لیے تیار ہے۔\n\nوانگ نے دونوں ممالک کو ’قدیم تہذیبیں جو امن کی قدر کرتی ہیں‘ قرار دیا۔ روئٹرز\n\n* * *\n\n**’یہ تب تک نہیں ہوتا جب تک یہ ہو نہ جائے‘: پاکستانی وزیر خزانہ**\n\nپاکستان کے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے جمعرات کو مشرق وسطیٰ کے تنازعے کے خاتمے کے لیے اسلام آباد کی سفارتی کوششوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی قیادت ’اس پر‘ لگی ہے۔\n\nانہوں نے فاکس بزنس کو ایک انٹرویو میں بتایا کہ ’جیسا کہ میں نے کہا، ہماری قیادت اس پر ہے، اور میں نے کہا کہ ہم نے ہر اس شخص کا شکریہ ادا کیا جس نے ہماری قیادت کو اس کشتی کو آگے لے جانے اور اسے فنشنگ لائن پر لے جانے میں مدد دی۔‘\n\nانہوں نے مزید کہا کہ ’جیسا کہ آپ جانتے ہیں، کسی اور سے بہتر ہے، کہ یہ اس وقت تک نہیں ہوتا جب تک یہ نہ ہو جائے۔‘\n\nانہوں نے کہا کہ پاکستان واحد ملک نہیں ہے جو اس جنگ سے متاثر ہوا ہے بلکہ اس کے اثرات پوری دنیا میں محسوس کیے جا رہے ہیں۔\n\nاورنگزیب کا کہنا ہے کہ ’کیونکہ توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا ہے، یہاں تک کہ اگر مکمل امن ہو جاتا ہے، تو بھی اسے معمول پر آنے میں ہفتوں، مہینوں، یا سال بھی لگ سکتے ہیں۔‘\n\n* * *\n\n**اسرائیلی فوج لبنان میں جنگ بندی کی تیاری کر رہی ہے: میڈیا رپورٹ**\n\nاسرائیلی اخبار روزنامہ ہاریٹز نے جمعرات کو فوجی حکام کے حوالے سے خبر دی ہے کہ اسرائیلی فوج لبنان میں جنگ بندی کی تیاری کر رہی ہے، جس کا آغاز مقامی وقت کے مطابق شام 7 بجے (9 بجے پاکستانی وقت) سے ہوگا۔\n\nاعلیٰ درجے کے کمانڈروں کو جنوبی لبنان میں اس وقت تعینات فورسز کو جنگ بندی کے لیے تیار کرنے کی ہدایات موصول ہوئی ہیں، جن کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ یہ شام 7 بجے سے آدھی رات کے درمیان ہو گی۔\n\n* * *\n\n**امن معاہدہ نہ ہوا تو مشرق وسطیٰ میں کارروائیوں کے لیے تیار ہیں: امریکی وزیر جنگ**\n\nامریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگستھ نے جمعرات کو کہا ہے کہ اگر ایران امن معاہدے پر راضی نہیں ہوتا ہے تو مشرق وسطیٰ میں امریکی افواج جنگی کارروائیاں دوبارہ شروع کرنے کے لیے تیار ہیں۔\n\nپینٹاگون میں میڈیا بریفنگ کے دوران انہوں نے ایران کی عسکری قیادت کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ’ہم آپ کو دیکھ رہے ہیں، ہماری صلاحیتیں ایک جیسی نہیں ہیں، یہ کوئی منصفانہ لڑائی نہیں ہے۔‘\n\nانہوں نے مزید کہا کہ جب آپ اپنے لانچروں کو کھود رہے ہیں، ہم صرف مضبوط ہو رہے ہیں۔\n\nان کا مزید کہنا تھا کہ ’آپ چیزوں کو ادھر ادھر منتقل کر سکتے ہیں لیکن آپ حقیقت میں دوبارہ تعمیر نہیں کر سکتے۔ لیکن ہم کر سکتے ہیں، ہم پہلے سے کہیں زیادہ طاقت کے ساتھ دوبارہ لوڈ کر رہے ہیں، ہم بہت مضبوط ہیں۔‘\n\nامریکی وزیر جنگ نے مزید کہا کہ امریکہ آبنائے ہرمز میں ایرانی بندرگاہوں میں داخل ہونے یا باہر جانے سے تمام جہاز رانی کو ’جتنا وقت لگے گا‘ روک دے گا۔\n\nاس موقعے پر امریکی فوج کے اعلیٰ کمانڈر جنرل ڈین کین نے کہا، ’مجھے واضح کرنے دیں، یہ ناکہ بندی تمام بحری جہازوں پر لاگو ہوتی ہے، خواہ وہ کسی بھی قومیت سے ہو، ایرانی بندرگاہوں کے اندر یا باہر جانے والے۔‘\n\nجنرل ڈین کین نے بتایا ہے کہ امریکہ ایران کو مدد فراہم کرنے کی کوشش کرنے والے کسی بھی بحری جہاز کا پیچھا کرے گا۔\n\nانہوں نے مزید کہا کہ ایران کے علاقائی سمندروں کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی پانیوں میں بھی عمل درآمد کیا جائے گا۔\n\n* * *\n\n**فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ایرانی سپیکر سے ملاقات**\n\nایران کے سرکاری ٹی وی نے جمعرات کو بتایا کہ پاکستان کی مسلح افواج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے تہران میں سپیکر محمد باقر قالیباف سے ملاقات کی۔\n\nسپیکر باقر قالیباف نے گذشتہ ہفتے پاکستان میں ہونے والی پہلی امریکہ ایران میٹنگ میں تہران کے وفد کی قیادت کی تھی۔\n\n* * *\n\n**امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ کے مواخذے کی قرارداد**\n\nامریکی ایوان نمائندگان میں ڈیموکریٹس نے بدھ کو پینٹاگون کے سربراہ پیٹ ہیگسیتھ کے خلاف مواخذے کی چھ شقیں پیش کرتے ہوئے ان پر کانگریس کی منظوری کے بغیر ایران پر جنگ مسلط کرنے سمیت ’سنگین جرائم اور بدعملیوں‘ کا الزام لگایا ہے۔\n\nایریزونا سے تعلق رکھنے والی ڈیموکریٹک رکن کانگریس یاسمین انصاری مواخذے کی اس قرارداد کی قیادت کر رہی ہیں جس کے ایوان میں ریپبلکن اکثریت کی وجہ سے منظور ہونے کے امکانات کم ہیں۔\n\nمواخذہ ایک ایسا عمل ہے جس کے ذریعے امریکی ایوان نمائندگان کسی حکومتی عہدیدار پر مبینہ غلط کاموں کی بنیاد پر الزامات عائد کرتا ہے، اور انہیں عہدے سے ہٹانا صرف اسی صورت ممکن ہوتا ہے جب سینیٹ مقدمے کے بعد انہیں مجرم قرار دے۔\n\nیاسمین انصاری نے ایکس پر لکھا، ’میں نے پیٹ ہیگسیتھ کے خلاف اپنے حلف کی پاسداری نہ کرنے، امریکی فوجیوں کی جان خطرے میں ڈالنے، اور جنگی جرائم کے ارتکاب پر مواخذے کی شقیں پیش کی ہیں جن میں شہریوں اور ایران کے شہر میناب میں لڑکیوں کے ایک سکول پر حملے شامل ہیں۔\n\n’صرف کانگریس جنگ کا اعلان کر سکتی ہے، ان کے اقدامات کا تقاضا ہے کہ انہیں فوری طور پر ہٹایا جائے۔‘\n\n> View this post on Instagram\n>\n> A post shared by Independent Urdu (@indyurdu)\n\n* * *\n\n**پاکستان کو سعودی عرب سے دو ارب ڈالر موصول**\n\nسٹیٹ بینک آف پاکستان نے جمعرات کو بتایا ہے کہ اسے سعودی عرب سے دو ارب ڈالر کا فنڈ موصول ہو گیا ہے۔\n\nپاکستان کے مرکزی بینک نے ایکس پر ایک بیان میں کہا کہ ’سٹیٹ بینک کو سعودی عرب کی وزارت خزانہ کی جانب سے دو ارب ڈالر کے فنڈ موصول ہو گئے ہیں۔‘\n\n* * *\n\n**لبنان اور اسرائیل کے رہنما آج بات چیت کریں گے: ٹرمپ**\n\nامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ لبنان اور اسرائیل کے رہنماؤں کے درمیان مذاکرات جمعرات کو ہوں گے۔\n\nڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کو اپنی ٹروتھ سوشل پوسٹ میں کہا کہ ’اسرائیل اور لبنان کے درمیان قدرے سانس لینے کی گنجائش پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہوں۔ دونوں رہنماؤں کو آپس میں بات کیے ہوئے ایک طویل عرصہ ہو گیا ہے، تقریباً 34 سال۔ یہ کل ہو گا۔ بہت خوب۔ صدر ڈی جے ٹی۔‘\n\n* * *\n\n**امریکہ کا ایرانی تیل پر پابندیاں سخت کرنے کا اعلان**\n\nامریکہ نے بدھ اعلان کیا ہے کہ وہ ایران کی تیل کی صنعت پر پابندیاں سخت کر رہا ہے جب کہ تہران نے مشرق وسطی کی جنگ کے حصے کے طور پر آبنائے ہرمز بند کر رکھی ہے۔\n\nاے ایف پی کے مطابق امریکی محکمہ خزانہ کا کہنا ہے کہ اس نئی سزا میں ایرانی تیل کی نقل و حمل کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا گیا ہے جس کے تحت پٹرولیم شپنگ کے بڑے تاجر محمد حسین شمخانی کے نیٹ ورک میں کام کرنے والے دو درجن سے زائد افراد، کمپنیوں اور بحری جہازوں پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔\n\nامریکی وزیر خزانہ سکاٹ بیسنٹ نے ایران کے خلاف مالی دباؤ کی مہم کا اشارہ دیتے ہوئے ایک بیان میں کہا، ’محکمہ خزانہ شمخانی خاندان جیسی حکومتی اشرافیہ کو نشانہ بنا کر ’معاشی اشتعال‘ کے ساتھ جارحانہ انداز میں آگے بڑھ رہا ہے جو ایرانی عوام کی قیمت پر منافع کمانے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘\n\n* * *\n\n**امریکی سینٹ کی اسرائیل کو فوجی سامان فروخت کرنے کی حمایت**\n\nامریکی سینیٹ نے بدھ کو ان دو قراردادوں کو روک دیا ہے جن کے ذریعے اسرائیل کو تقریباً ساڑھے 45 کروڑ ڈالر مالیت کے بموں اور بلڈوزروں کی فروخت روکی جا سکتی تھی۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حامی رپبلکن پارٹی نے یہودی ریاست کی حمایت کا اظہار کیا۔\n\n# مزید پڑھ\n\nاس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)\n\nروئٹرز کے مطابق 47 رکنی سینیٹ ڈیموکریٹک کاکس کی بڑی اکثریت کی جانب سے قراردادوں کی حمایت نے اس جماعت کے اندر غزہ، لبنان اور ایران پر اسرائیلی حملوں کے شہریوں پر پڑنے والے اثرات کے بارے میں بڑھتی ہوئی مایوسی کو اجاگر کیا۔\n\nامریکی کانگریس میں اسرائیل کی دو جماعتی مضبوط حمایت کی کئی دہائیوں پرانی روایت کا مطلب ہے کہ ہتھیاروں کی فروخت روکنے کی قراردادوں کے منظور ہونے کا امکان نہیں ہے، لیکن حامیوں کو امید ہے کہ اس مسئلے کو اٹھانے سے اسرائیل کی حکومت اور امریکی انتظامیہ شہریوں کی حفاظت کے لیے مزید اقدامات کرنے پر آمادہ ہوں گی۔\n\nاسرائیل کو اسلحے کی فروخت کے حامیوں کا کہنا ہے کہ اسرائیل ایک اہم اتحادی ہے جسے امریکہ کو فوجی سازوسامان فروخت کرنا چاہیے۔\n\nڈیموکریٹس کے ساتھ منسلک آزاد امیدوار، ورمونٹ کے سینیٹر برنی سینڈرز نے قراردادوں پر ووٹنگ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ فروخت غیر ملکی امداد کے ایکٹ اور آرمز ایکسپورٹ کنٹرول ایکٹ میں غیر ملکی امداد کے معیار کی خلاف ورزی ہے۔\n\n* * *\n\n**48 گھنٹے میں 10 ایرانی بحری جہازوں کو واپس موڑ دیا: امریکی فوج**\n\nاے ایف پی کے مطابق امریکی فوج نے بدھ کو کہا ہے کہ اس نے کامیابی کے ساتھ 10 بحری جہازوں کو واپس موڑ دیا ہے جنہوں نے ایران کے خلاف بحری ناکہ بندی کے پہلے 48 گھنٹے کے دوران ایرانی بندرگاہوں سے نکلنے کی کوشش کی۔\n\nیو ایس سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا، ’پیر کو امریکی ناکہ بندی کے آغاز کے بعد سے اب تک 10 بحری جہازوں کو واپس موڑ دیا گیا ہے اور صفر بحری جہاز گزرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔‘\n\nسینٹ کام نے اس سے قبل واپس موڑے گئے بحری جہازوں کی تعداد نو بتائی تھی، لیکن 10 ویں کا اضافہ کیا جس کے بارے میں اس نے کہا کہ اسے امریکی گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائر کے ذریعے ایران کی طرف ’واپس بھیجا گیا‘\n\n* * *\n\n**ایران فٹ بال ورلڈ کپ میں شرکت کرے گا: فیفا**\n\nبین الاقوامی فٹ بال ایسوسی ایشن فیڈریشن (فیفا) کے صدر گیانی انفینٹینو نے بدھ کو کہا کہ مشرق وسطی کی جنگ کے باوجود ایران 2026 کے ورلڈ کپ میں ’یقینی طور پر‘ شرکت کرے گا۔\n\nانفینٹینو نے نشریاتی ادارے سی این بی سی پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’ایران یقینی طور پر آ رہا ہے۔ ہمیں امید ہے کہ اس وقت تک صورت حال پرامن ہو جائے گی، جس سے یقینا مدد ملے گی۔‘\n\nجون میں امریکہ میں شیڈول ٹیم کے آئندہ میچوں کے حوالے سے انہوں نے کہا، ’لیکن ایران کو آنا ہے، وہ اپنے عوام کی نمائندگی کرتے ہیں، انہوں نے کوالیفائی کیا ہے اور کھلاڑی کھیلنا چاہتے ہیں۔‘\n\n28 فروری کو امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ چھڑنے والی جنگ کی وجہ سے عالمی ٹورنامنٹ میں ایران کی شرکت شکوک و شبہات کا شکار ہو گئی تھی۔\n\nانفینٹینو کا کہنا تھا کہ ’کھیلوں کو سیاست سے الگ ہونا چاہیے۔‘\n\nانہوں نے مزید کہا: ’اگر کوئی اور رابطے استوار کرنے اور انہیں جوڑے رکھنے پر یقین نہیں رکھتا، تو ہم یہ کام کر رہے ہیں۔‘\n\nامریکہ، میکسیکو اور کینیڈا کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والا ورلڈ کپ 11 جون سے شروع ہو رہا ہے۔\n\nامریکہ\n\nصدر ڈونلڈ ٹرمپ\n\nایران\n\nایران جنگ\n\nاسلحہ\n\nامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعرات کو کہا کہ اگر اسلام آباد میں ایران سے معاہدہ ہو جاتا ہے اور اس پر دستخط ہو جاتے ہیں تو وہ جا سکتے ہیں اور ایران تقریباً ہر چیز پر راضی ہو چکا ہے۔\n\n انڈپینڈنٹ اردو\n\nجمعرات, اپریل 16, 2026 - 23:30\n\nMain image:\n\n> <p>امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 16 اپریل 2026 کو واشنگٹن ڈی سی میں وائٹ ہاؤس کے جنوبی لان سے روانہ ہوتے ہوئے میرین ون پر سوار ہونے سے پہلے صحافیوں سے بات کر رہے ہیں (اے ایف پی)</p>\n\nدنیا\n\ntype:\n\nnews\n\nlabel:\n\nلائیو اپ ڈیٹس\n\nrelated nodes:\n\nسعودی ولی عہد، شہباز شریف ملاقات: دفاعی معاہدے کے تحت دونوں ملک ’سٹریٹجک شراکت دار ہیں‘\n\nامریکہ کی آبنائے ہرمز میں ناکہ بندی کا کیا مطلب ہے؟\n\nامریکہ ایران مذاکرات کی کامیابی سے پاکستان کو کتنا معاشی فائدہ ہوگا؟\n\nامید ہے امریکہ اور ایران میں جنگ بندی جاری رہے گی: پاکستان\n\nSEO Title:\n\nایران کے ساتھ اسلام آباد میں معاہدہ ہوتا ہے تو ہو سکتا میں جاؤں: صدر ٹرمپ\n\ncopyright:\n\nshow related homepage:\n\nShow on Homepage",
  "title": "ایران کے ساتھ اسلام آباد میں معاہدہ ہوتا ہے تو ہو سکتا میں جاؤں: صدر ٹرمپ"
}