{
  "$type": "site.standard.document",
  "bskyPostRef": {
    "cid": "bafyreige6vac7fcgushzkl65drjdm2cgfo6nlqppixpza3tjtrn63mml5u",
    "uri": "at://did:plc:vc2nen26a4wwwtacdiwdpeqk/app.bsky.feed.post/3mjknf3kly2s2"
  },
  "coverImage": {
    "$type": "blob",
    "ref": {
      "$link": "bafkreidypmqlipoebjop7evcqgebyg2m2mftwruvvn6eeu3uref5xsqbw4"
    },
    "mimeType": "image/jpeg",
    "size": 73680
  },
  "path": "/node/185507",
  "publishedAt": "2026-04-15T17:38:28.000Z",
  "site": "https://www.independenturdu.com",
  "tags": [
    "پاکستان ٹیلی ویژن",
    "پاک افغان تعلقات",
    "حملے",
    "باجوڑ",
    "بمباری",
    "اموات",
    "افغان طالبان",
    "انڈپینڈنٹ اردو",
    "ایشیا",
    "news"
  ],
  "textContent": "**خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں پاکستان اور افغانستان کی سرحد پر پولیس کے مطابق افغان جانب سے مارٹر گولے شہری آبادی میں گھر پر گرنے سے دو خواتین اور ایک بچہ افراد جان سے گئے جبکہ ایک بچی زخمی ہے۔**\n\nباجوڑ پولیس کے ایک اہلکار نے نمائندہ انڈپینڈنٹ اردو اظہار اللہ کو نام نہ بتانے کی شرط پر بتایا کہ مارٹر گولے زاہد نامی شخص کے گھر پر جا گرے، جو سرحد کے قریب لغڑئی کے علاقے میں واقع ہے۔\n\nاہلکار نے بتایا: ’سرحد پر جھڑپوں کی وجہ سے افغانستان کی جانب سے مارٹر گولے فائر کیے گئے، جو شہری آبادی پر گرے، جس سے ایک ہی خاندان کے تین افراد جان سے گئے ہیں۔‘\n\nاہلکار نے بتایا کہ اسی گھر پر گذشتہ رمضان میں بھی مارٹر گولہ گرا تھا اور اس واقعے میں بھی دو افراد جان سے گئے تھے۔\n\n# مزید پڑھ\n\nاس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)\n\nیہ حملہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب پاکستان اور افغانستان کے درمیان گذشتہ مہینے سرحدی جھڑپیں شروع ہوئی تھیں، جن کے بعد دونوں نے ایک دوسرے پر فضائی حملے بھی کیے۔\n\nاسلام آباد افغان طالبان حکومت پر پاکستان میں دہشت گردی کرنے والے عسکریت پسند گروہوں کو پناہ دینے کا الزام عائد کرتا ہے اور ان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتا ہے، تاہم کابل ان الزامات کی تردید کرتا رہا ہے۔\n\nچین، جس کی مغربی سرحد پاکستان اور افغانستان سے لگتی ہے، دونوں ہمسایوں کے درمیان آج کل ثالثی کی کوشش کر رہا ہے۔\n\nسرکاری میڈیا پاکستان ٹیلی ویژن نے حالیہ حملے سے متعلق سکیورٹی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ ’بھارتی حمایت یافتہ افغان طالبان نے باجوڑ کے سرحدی علاقے کٹ کوٹ کے گاؤں ملک شاہین میں سول آبادی پر بلا اشتعال جارحیت کی‘، جس کے نتیجے میں ایک ہی گھر سے خاتون اور 2 بچوں سمیت 3 افراد جان سے گئے جبکہ اتنی ہی تعداد میں شدید زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کی غرض سے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔\n\nپی ٹی وی نے تفصیلات بتاتے ہوئے لکھا کہ ’افغان طالبان کچھ روز سے فتنہ الخوارج کی ایک تشکیل کو پاکستان میں داخل کروانے کی کوشش کر رہے تھے، لیکن پاکستانی فوج کی بروقت کارروائی کی وجہ سے فتنہ الخوارج کی در اندازی کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔‘\n\nمزید کہا گیا کہ ’اس ناکامی سے مایوس افغان طالبان نے آج (بدھ کو) کٹ کوٹ میں پاکستان کی سول آبادی کو نشانہ بنا ڈالا۔‘\n\nرپورٹ میں بتایا گیا کہ ’پاکستان فوج نے فوری جوابی کارروائی میں افغانستان سے فائر کرنے والی گن پوزیشن کو مکمل تباہ کردیا۔‘\n\nمزید کہا گیا کہ ’پاکستان فوج کی کارروائی میں باجوڑ سے ملحقہ تمام افغان طالبان پوسٹوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جس سے افغان طالبان کا بھاری جانی نقصان ہوا۔‘\n\nرپورٹ میں کہا گیا کہ ’عوام کے جان و مال کے تحفظ اور علاقے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے سکیورٹی فورسز ہمہ وقت چوکس اور پرعزم ہیں‘ اور ’افغان طالبان کی جانب سے شہری آبادی کو نشانہ بنانا ان کے مذموم عزائم اور بوکھلاہٹ کا واضح ثبوت ہے۔‘\n\nتا حال افغان طالبان کی جانب سے اس حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔\n\nپاک افغان تعلقات\n\nحملے\n\nباجوڑ\n\nبمباری\n\nاموات\n\nافغان طالبان\n\nخیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں پاکستان اور افغانستان کی سرحد پر پولیس کے مطابق افغان جانب سے مارٹر گولے شہری آبادی میں گھر پر گرنے سے دو خواتین اور ایک بچہ افراد جان سے گئے جبکہ ایک بچی زخمی ہے۔\n\n انڈپینڈنٹ اردو\n\nبدھ, اپریل 15, 2026 - 22:30\n\nMain image:\n\n> <p class=\"rteright\">باجوڑ میں 30 جولائی، 2023 کو دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو مقامی ہسپتال لایا جا رہا ہے (سکرین گریب)</p>\n\nایشیا\n\ntype:\n\nnews\n\nrelated nodes:\n\nپاک افغان مذاکرات: معمولی اختلافات کو رکاوٹ نہ بنائیں، متقی\n\nپاکستان، افغانستان امن بات چیت آگے بڑھ رہی ہے: چین\n\nپاکستان، افغانستان کے چین میں ’ورکنگ لیول مذاکرات‘ کی تصدیق\n\nSEO Title:\n\nباجوڑ میں افغان جانب سے مارٹر گولہ گھر پر لگنے سے تین افراد کی موت: پولیس\n\ncopyright:\n\nshow related homepage:\n\nHide from Homepage",
  "title": "باجوڑ میں افغان جانب سے مارٹر گولہ گھر پر لگنے سے  تین افراد کی موت: پولیس"
}