{
  "$type": "site.standard.document",
  "bskyPostRef": {
    "cid": "bafyreia2ff2elv3ev6mn4krzp6hb4ilt3syx5ycfsnvslq6j2z6ul7eg6a",
    "uri": "at://did:plc:vc2nen26a4wwwtacdiwdpeqk/app.bsky.feed.post/3minmmec2rkq2"
  },
  "coverImage": {
    "$type": "blob",
    "ref": {
      "$link": "bafkreifsdgnjggredamfkiwajxk73k4tzaugyioh3kiiz7qdz3nfftak3m"
    },
    "mimeType": "image/jpeg",
    "size": 96565
  },
  "path": "/node/185356",
  "publishedAt": "2026-04-04T06:25:43.000Z",
  "site": "https://www.independenturdu.com",
  "tags": [
    "دفتر خارجہ",
    "ایران",
    "اسرائیل",
    "امریکہ",
    "انڈپینڈنٹ اردو",
    "پاکستان",
    "news"
  ],
  "textContent": "**پاکستان نے ہفتے کو ان خبروں کو مسترد کر دیا جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ اسلام آباد میں ایران اور امریکہ کے ممکنہ مذاکرات کا امکان کسی ’بریک تھرو‘ کے بغیر ختم ہو گیا۔**\n\nپاکستان نے میڈیا اداروں پر زور دیا کہ ایسے معاملات پر رپورٹنگ میں ’مناسب احتیاط‘ برتی جائے۔\n\nامریکہ اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ کے آغاز کے بعد سے پاکستان دونوں ملکوں کے درمیان پیغامات کی ترسیل میں کردار ادا کرتا رہا ہے۔\n\nیہ جنگ عالمی توانائی اور تجارتی نقل و حمل کو شدید متاثر کر رہی ہے اور خطے کی معیشتوں کے لیے خطرات بڑھ گئے ہیں۔\n\nگذشتہ ہفتے اسلام آباد نے پاکستان، سعودی عرب، ترکی اور مصر کے وزرائے خارجہ کی میزبانی کی، جنہوں نے ایران پر حملوں اور خلیج میں امریکی مفادات و دیگر تنصیبات پر تہران کے ردعمل کو روکنے کے لیے مستقل حل تلاش کرنے پر گفتگو کی۔\n\nاس ہفتے پاکستانی میڈیا کے کچھ حصوں نے نامعلوم ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ پاکستان کی سفارتی کوششیں دو مرتبہ ’تقریباً بریک تھرو‘ کے قریب تھیں لیکن تہران نے مزید مشاورت کے لیے وقت مانگا اور آخرکار شرکت سے انکار کر دیا۔\n\nپاکستانی دفتر خارجہ نے ہفتے کو جاری بیان میں کہا ’ہم ان جھوٹی باتوں کو، جو مبینہ سرکاری ذرائع کے حوالے سے منسوب کی گئیں، مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔\n\n’یہ بے بنیاد اور محض خیالی کہانیاں ہیں۔ اس حوالے سے سرکاری ذرائع کی کوئی نسبت درست نہیں۔‘\n\nبیان میں مزید کہا گیا ’خطے کی موجودہ حساس صورت حال میں سفارت کاری میں احتیاط اور ذمہ داری ضروری ہے۔ لہٰذا ہم تمام میڈیا پلیٹ فارمز سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ محتاط رہیں، قیاس آرائی سے گریز کریں اور درست معلومات کے لیے صرف سرکاری بیانات اور میڈیا ریڈ آؤٹس پر انحصار کریں۔‘\n\nیہ جنگ، جو 28 فروری کو امریکہ اور اسرائیل کے مشترکہ حملوں اور ایران کی جوابی کارروائیوں سے شروع ہوئی، عالمی توانائی کی منڈیوں میں شدید ہلچل کا باعث بنی ہے۔\n\nتہران نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں کی آمدورفت تقریباً روک دی ہے، جو دنیا کی تیل کی تجارت کے پانچویں حصے کے برابر راستہ ہے۔\n\nتنازعے کے پھیلاؤ نے سفارتی کوششوں کو مزید پیچیدہ کر دیا ہے جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بغیر کسی واضح ٹائم لائن کے اپنی فوجی مہم کے جلد خاتمے کا وعدہ کیا ہے۔\n\n# مزید پڑھ\n\nاس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)\n\nجمعے کو پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اپنے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان سے ٹیلی فون پر گفتگو کی، جس میں ایران جنگ کے باعث مشرق وسطیٰ میں پیدا ہونے والی کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان ۔ چین کے مشترکہ پانچ نکاتی منصوبے پر بھی بات چیت کی گئی۔\n\nدفترِ خارجہ کے مطابق ’دونوں رہنماؤں نے خطے کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور فوری طور پر ڈی اسکیلشن اور مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا۔\n\n’پاکستان ۔ چین کا خلیج اور مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے پانچ نکاتی منصوبہ بھی گفتگو کا حصہ تھا۔‘\n\nیہ تجویز، جو وزیر خارجہ ڈار کے حالیہ دورۂ چین کے دوران بیجنگ اور اسلام آباد نے پیش کی، فوری جنگ بندی، امن مذاکرات کے آغاز، شہری و تجارتی تنصیبات (بشمول سمندری راستوں) کے تحفظ اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی پاسداری پر زور دیتی ہے۔\n\nاسلام آباد اس سے قبل کہہ چکا ہے کہ وہ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کم کرنے کے لیے ’پُل کا کردار‘ ادا کرنا چاہتا ہے۔\n\nدفتر خارجہ\n\nایران\n\nاسرائیل\n\nامریکہ\n\nپاکستانی دفتر خارجہ نے ایک بیان میں میڈیا اداروں پر زور دیا ہے کہ ایسے معاملات پر رپورٹنگ میں ’مناسب احتیاط‘ برتی جائے۔\n\n انڈپینڈنٹ اردو\n\nہفتہ, اپریل 4, 2026 - 11:15\n\nMain image:\n\n> <p>24 اپریل، 2025 کو اسلام آباد میں پولیس کا ایک اہلکار دفتر خارجہ کے باہر تعینات ہے (اے ایف پی)</p>\n\nپاکستان\n\ntype:\n\nnews\n\nrelated nodes:\n\nامن جسے ریاض اور اسلام آباد نے شکل دی\n\nپاکستان کی ’ہائی رسک، ہائی ریوارڈ‘ سفارت کاری\n\nٹرمپ کی گھبراہٹ بجا ہے\n\nٹرمپ کی آبنائے ہرمز کی دلدل\n\nSEO Title:\n\nایران – امریکہ ممکنہ مذاکرات میں ’بریک تھرو‘ نہ ہونے کی خبریں مسترد: پاکستان\n\ncopyright:\n\nshow related homepage:\n\nShow on Homepage",
  "title": "ایران – امریکہ ممکنہ مذاکرات میں ’بریک تھرو‘ نہ ہونے کی خبریں مسترد: پاکستان"
}