{
  "$type": "site.standard.document",
  "bskyPostRef": {
    "cid": "bafyreieptdbeh6ijvcjmnybo3c2bpcrg2dscsyzgytsmr3sb5xzgq546jm",
    "uri": "at://did:plc:vc2nen26a4wwwtacdiwdpeqk/app.bsky.feed.post/3mimyinimhjx2"
  },
  "coverImage": {
    "$type": "blob",
    "ref": {
      "$link": "bafkreibbzvzcpfcrrjjnqklmm7fej25vsctqqds4g6i7z6re2rmsxvbuju"
    },
    "mimeType": "image/jpeg",
    "size": 194468
  },
  "path": "/node/185349",
  "publishedAt": "2026-04-03T11:18:37.000Z",
  "site": "https://www.independenturdu.com",
  "tags": [
    "Screenshot 2026-04-03 162007.png",
    "View this post on Instagram",
    "A post shared by Independent Urdu (@indyurdu)",
    "پیٹرولیم مصنوعات",
    "ایران جنگ",
    "اسلام آباد",
    "پنجاب",
    "سندھ",
    "انڈپینڈنٹ اردو",
    "پاکستان",
    "video"
  ],
  "textContent": "**پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث جمعے کو وفاقی اور پنجاب حکومت نے عوام کو ریلیف فراہم کرتے ہوئے آئندہ 30 دن کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ کو بالکل مفت کر دیا ہے جبکہ سندھ حکومت نے موٹر سائیکل مالکان کو دو ہزار روپے ماہانہ سبسڈی دینے کا اعلان کیا ہے۔**\n\nامریکہ اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ اور تہران کے جوابی حملوں کے باعث خطے کی صورت حال کشیدہ ہے اور ایران نے آبنائے ہرمز کو بند کر رکھا ہے، جس کے باعث بحری جہازوں کی آمدورفت معطل ہے۔\n\nایشیائی ممالک کی جانب سے خریدے گئے خام تیل کا تقریباً 90 فیصد اسی آبنائے سے گزرتا ہے، جو خلیج فارس کو بحر ہند سے جوڑتی ہے۔ اس آبنائے کی بندش سے عالمی منڈی میں توانائی کی قیمتیں غیر معمولی حد تک بڑھ چکی ہیں۔\n\n# مزید پڑھ\n\nاس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)\n\nاس صورت حال کا اثر پاکستان پر بھی پڑا ہے اور 28 فروری کو اس جنگ کے آغاز کے بعد سے حکومت دو مرتبہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر چکی ہے۔\n\nگذشتہ شب پیٹرول کی قیمت میں 137 روپے 23 پیسے فی لیٹر اضافے کا اعلان کیا گیا، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 458 روپے 40 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔\n\nعوام پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے اثرات کو کچھ کم کرنے کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے جمعے کو سبسڈیز دینے کا اعلان کیا۔\n\nوفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر کہا کہ ’وزیراعظم کی ہدایات پر اسلام آباد میں تمام عوامی ٹرانسپورٹ آئندہ 30 دنوں کے لیے عام شہریوں کے لیے مفت کر دی جائے گی، جس کا آغاز کل (چار اپریل) سے ہوگا۔‘\n\nوزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ ’اس عوامی ریلیف اقدام کے لیے 35 کروڑ روپے کے اخراجات وزارتِ داخلہ برداشت کرے گی۔‘\n\n## Screenshot 2026-04-03 162007.png\n\nاسی طرح پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز نے بھی عوام کو ریلیف فراہم کرتے ہوئے صوبے بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ مفت کرنے کا اعلان کر دیا، جس کے بعد شہری‏ اورنج لائن، میٹرو بس، سپیڈو اور گرین بس میں مفت سفر کر سکیں گے۔\n\nاسلام آباد اور لاہور میں میٹرو بس سروس کے ذریعے لاکھوں افراد سفر کرتے ہیں اور سبسڈی کے اس اعلان کو عوامی حلقوں میں خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے۔\n\nپنجاب حکومت کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق صوبائی حکومت کی جانب سے رجسٹرڈ بائیک والے شہری کو 20 لیٹر پیٹرول پر 100 روپے سبسڈی ملے گی۔ اسی طرح کاشت کاروں کو بھی فی ایکڑ فی لیٹر ڈیزل پر 100 روپے سبسڈی دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔\n\nپٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب نے ٹرانسپورٹرز کا خود ساختہ 60 سے 65 فیصد اضافہ بھی ختم کر دیا ہے۔\n\nجمعے کو جاری کیے گئے نئے کرایہ نامے میں لاہور سے دیگر شہروں کے کرایوں میں 25 فیصد اضافہ کر کے تمام بس اڈوں کو نیا کرایہ نامہ فوری آویزاں کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔\n\n> View this post on Instagram\n>\n> A post shared by Independent Urdu (@indyurdu)\n\nوزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی موٹر سائیکل مالکان کو دو ہزار روپے ماہانہ سبسڈی دینے کا اعلان کیا۔\n\nجمعے کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے بتایا کہ اس (سبسڈی) کا حکومت نے طریقہ کار بھی بنا لیا ہے۔ ’ہر موٹرسائیکل والے کو ایک مہینے کے لیے دو ہزار روپے دیے جائیں گے۔ اپریل کے مہینے میں دو ہزار روپے دیے جائیں گے، اس کے لیے ایکسائز ڈپارٹمنٹ نے ایک اپلیکیشن تیار کر لی ہے۔‘\n\nبقول وزیراعلیٰ سندھ موٹرسائیکل سواروں کو اس اپیلیکشن پر خود کو رجسٹر کرنا ہو گا، جس کے بعد وہ اس سہولت سے استفادہ کر سکیں گے۔\n\nوفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے جمعے کو صوبائی کابینہ اجلاس سے خطاب میں کہا کہ موجودہ مہنگائی کا بوجھ غریب، مڈل کلاس اور اپر مڈل کلاس سب برداشت نہیں کر پا رہے۔\n\nانہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کو مہنگائی کے بوجھ تلے دبنے نہیں دے گی اور مہنگائی کے اثرات کم کرنے کے لیے مزید ریلیف اقدامات جلد متعارف کرائے جائیں گے۔\n\nانہوں نے یاد دلایا کہ عمران خان کے دور میں کرونا کی عالمی وبا کے باوجود معیشت 6.1 فیصد شرح سے ترقی کر رہی تھی اور اس دوران عوام کو ریلیف فراہم کیا گیا جبکہ پیٹرول کی قیمت ماضی میں 150 روپے تک محدود رکھی گئی تھی، آج یہ 450 روپے سے تجاوز کر گئی ہے۔\n\nسہیل آفریدی نے کہا کہ وفاق کی پالیسیاں عوام پر مسلسل بوجھ ڈال رہی ہیں اور ان کے پاس نہ کوئی واضح پالیسی ہے نہ بحران سے نکلنے کا منصوبہ۔ انہوں نے صوبائی حکومت کی موٹر سائیکل سواروں اور کسانوں کے لیے ریلیف اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت قومی سطح پر عوام کے مفاد میں کردار ادا کر رہی ہے۔\n\nدوسری جانب وزیر ریلوے حنیف عباسی نے ریلوے کے کرایوں میں اضافہ نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔\n\nپیٹرولیم مصنوعات\n\nایران جنگ\n\nاسلام آباد\n\nپنجاب\n\nسندھ\n\nعوام پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے اثرات کو کچھ کم کرنے کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے جمعے کو سبسڈیز دینے کا اعلان کیا۔\n\n انڈپینڈنٹ اردو\n\nجمعہ, اپریل 3, 2026 - 16:15\n\nMain image:\n\n> <p class=\"rteright\">نو مارچ 2026 کو لاہور میں ایک پیٹرول پمپ پر لوگ اپنی گاڑیوں میں ایندھن بھروانے کے لیے انتظار کر رہے ہیں (اے ایف پی)</p>\n\nپاکستان\n\njw id:\n\njmrp2JOj\n\ntype:\n\nvideo\n\nrelated nodes:\n\nپاکستان میں ایندھن کی قیمتوں میں بڑا اضافہ، پیٹرول 137 روپے 24 پیسے مہنگا\n\nجنگ بند نہ ہوئی تو کیا پیٹرول بھی راشن کی طرح ملے گا؟\n\nوزیراعظم کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمیں برقرار رکھنے کا اعلان\n\nپیٹرول کا بم عوام پر، حکومتی عیاشیاں برقرار\n\nSEO Title:\n\nاسلام آباد، پنجاب میں پبلک ٹرانسپورٹ فری، سندھ میں موٹرسائیکل سواروں کے لیے سبسڈی\n\ncopyright:\n\nshow related homepage:\n\nShow on Homepage",
  "title": "اسلام آباد، پنجاب میں پبلک ٹرانسپورٹ فری، سندھ میں موٹرسائیکل سواروں کے لیے سبسڈی"
}