{
"$type": "site.standard.document",
"bskyPostRef": {
"cid": "bafyreid7syekljdsr4ik4v4e34ppwn5ugfv3izxlcwfodnjhq4trnjnypy",
"uri": "at://did:plc:vc2nen26a4wwwtacdiwdpeqk/app.bsky.feed.post/3mhtsvo2ph3v2"
},
"coverImage": {
"$type": "blob",
"ref": {
"$link": "bafkreibdnsa3eo3wsdkd7zs4k46h455bxaslrxf7fs3dwasiqx6qjf74hu"
},
"mimeType": "image/jpeg",
"size": 66717
},
"path": "/node/185193",
"publishedAt": "2026-03-24T03:34:18.000Z",
"site": "https://www.independenturdu.com",
"tags": [
"Screenshot 2026-03-24 203619.png",
"March 24, 2026",
"ایران",
"اسرائیل",
"امریکہ",
"شہباز شریف",
"انڈپینڈنٹ اردو",
"دنیا",
"news",
"لائیو اپ ڈیٹس",
"@CMShehbaz"
],
"textContent": "**ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی مشترکہ جنگ کو آج 25واں دن ہے۔** **امریکہ نے اسے ’آپریشن ایپک فیوری‘ جبکہ ایران نے جوابی کارروائی کو ’وعدہ صادق 4‘ کا نام دیا ہے۔** **اس جنگ کے تازہ ترین اپ ڈیٹس۔**\n---\n\n* * *\n\n**رات 11 بج کر 55 منٹ**\n\n**ایران نے مجھے ’بہت بڑا تحفہ‘ دیا ہے: صدر ٹرمپ**\n\nامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کو کہا کہ ایران نے انہیں تیل اور گیس کی شکل میں ایک ’بہت بڑا تحفہ‘ دیا ہے۔\n\nاے ایف پی کے مطابق، انہوں نے تفصیلات پیش کیے بغیر کہا کہ ’انہیں تہران کے رہنماؤں پر نیا اعتماد ہے۔‘\n\nٹرمپ نے کہا کہ ’یہ ایک بہت بڑا تحفہ تھا، جس کی قیمت بہت زیادہ تھی۔‘\n\n* * *\n\n**رات 11 بج کر 45 منٹ**\n\n**مذاکرات کے باوجود جنگی منصوبے میں کوئی تبدیلی نہیں آئی: اسرائیلی فوج**\n\nاسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ واشنگٹن اور تہران کے درمیان مذاکرات کی اطلاعات کے باوجود ایران اور لبنان کے خلاف جنگ کے منصوبے میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔\n\nاے ایف پی کے مطابق، اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ مذاکرات کی پرواہ کیے بغیر ایران اور لبنان کے منصوبے میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔\n\n* * *\n\n**رات 11 بج کر 40 منٹ**\n\n**جنگ کے خاتمے کے لیے ایران کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں: صدر ٹرمپ**\n\nامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کو کہا کہ مشرق وسطیٰ کی جنگ کے خاتمے کے لیے ایران کے ساتھ مذاکرات ’ابھی‘ جاری ہیں۔\n\nانہوں نے مزید کہا کہ تہران ’اتنی بری طرح سے‘ معاہدہ کرنے کا خواہشمند ہے۔\n\nٹرمپ نے اوول آفس میں صحافیوں کو بتایا، ’ہم ابھی بات چیت کر رہے ہیں۔‘\n\nانہوں نے کہا کہ نائب صدر جے ڈی وینس، سکریٹری آف سٹیٹ مارکو روبیو، ایلچی سٹیو وٹکوف اور ان کے داماد جیرڈ کشنر ان مذاکرات میں شامل ہیں۔ (اے ایف پی)\n\n* * *\n\n**رات 11 بج کر 15 منٹ**\n\n**ٹرمپ کا سفارت کاری پر غور، ایران کے خلاف جنگ جاری: وائٹ ہاؤس**\n\nامریکی صدر کی جانب سے تہران اور پاکستان کے ساتھ بات چیت کے ممکنہ ثالث کے طور پر سامنے آنے کے بعد منگل کو وائٹ ہاؤس نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں پر دباؤ ڈال رہے ہیں یہاں تک کہ وہ ’سامنے آنے والے نئے‘ سفارتی آپشنز کا جائزہ لے رہے ہیں۔\n\nپریس سکریٹری کیرولین لیویٹ نے اے ایف پی کو ایک بیان میں کہا، ’جیسا کہ صدر ٹرمپ اور ان کے مذاکرات کار سفارت کاری کے اس نئے امکانات کو تلاش کر رہے ہیں، آپریشن ایپک فیوری کمانڈر اِن چیف اور پینٹاگون کے طے کردہ فوجی مقاصد کے حصول کے لیے بلا روک ٹوک جاری ہے۔‘\n\n* * *\n\n**رات 10 بج کر 55 منٹ**\n\n**اقوام متحدہ کی حقوق کونسل ایران کے خلیجی حملوں پر بحث کرے گی**\n\nاقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل خلیجی خطے کے ممالک پر ایران کے حملوں اور شہریوں پر ان کے اثرات پر بدھ کو ایک غیر معمولی بحث کرے گی۔\n\nمنگل کو منظور ہونے والے اس اجلاس کی درخواست بحرین کی جانب سے خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے چھ ممالک اور اردن نے کی تھی۔\n\nاے ایف پی کے مطابق، اقوام متحدہ کا اعلیٰ انسانی ادارہ ’بحرین، اردن، کویت، عمان، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے خلاف ایران کی طرف سے شروع کی گئی حالیہ فوجی جارحیت پر بحث کرے گا... شہریوں اور شہری بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانا، جس کے نتیجے میں معصوم جانیں ضائع ہوئی ہیں۔‘\n\nبحرین کے سفیر عبداللہ عبداللطیف عبداللہ نے منگل کو کونسل کو بتایا کہ ’ہمارے ممالک مسلح تصادم کے فریق نہیں ہیں اور نہ ہی ہم نے فوجی جارحیت یا حملوں میں حصہ لیا ہے۔‘\n\n* * *\n\n**رات 10 بج کر 35 منٹ**\n\n**علاقائی صورتحال کے پیش نظر پی ایس ایل کو قومی مفاد میں محدود کیا گیا: محسن نقوی**\n\nپاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے آج موجودہ علاقائی صورتحال اور ’وسیع تر قومی مفاد‘ کے پیش نظر پاکستان سپر لیگ (PSL) کے گیارہویں ایڈیشن کو محدود کرنے کا اعلان کیا ہے۔\n\nلاہور میں ٹرافی کی رونمائی اور آفیشل ترانے کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے شائقین سے کہا کہ ’علاقائی صورتحال کے پیش نظر پی ایس ایل کو قومی مفاد میں محدود کیا گیا ہے۔ میں تمام کرکٹ فینز سے تہہ دل سے معذرت خواہ ہوں۔‘\n\nانہوں نے مزید کہا کہ ملک اور قوم کا مفاد ہر چیز سے مقدم ہے اور انہیں یقین ہے کہ ’آج کی یہ قربانی کل کے لیے آسانی کا سبب بنے گی۔‘\n\n* * *\n\n**رات 10 بج کر 30 منٹ**\n\n**حج شیڈول میں تبدیلی یا تاخیر کی کوئی اطلاع نہیں: سعودی عرب میں پاکستانی سفیر**\n\nسعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق نے حج شیڈول میں کسی بھی قسم کی تبدیلی یا تاخیر کی خبروں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ فریضہ حج کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔\n\nسفیرِ پاکستان نے پاکستانی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ صرف مستند ذرائع سے حاصل کردہ معلومات پر یقین کریں۔\n\nریاض میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احمد فاروق کا کہنا تھا ’ہمارے پاس حج شیڈول میں تبدیلی یا تاخیر کے حوالے سے ایسی کوئی اطلاع موجود نہیں ہے۔ حکومتِ پاکستان اور ہمارا حج مشن گذشتہ برسوں کی طرح اس سال بھی تمام انتظامات مکمل کر چکا ہے۔‘\n\nوفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار یوسف کے حالیہ بیان کے مطابق، حج انتظامات کو حتمی شکل دی جا چکی ہے اور پہلی حج فلائٹ 18 اپریل کو پاکستان سے سعودی عرب کے لیے روانہ ہوگی۔\n\nسفیر احمد فاروق نے امید ظاہر کی کہ ’انشاللہ حج اسی اچھے انداز میں منعقد ہوگا جیسے پہلے ہوتا رہا ہے۔‘\n\n* * *\n\n**رات 9 بج کر 45 منٹ**\n\n**لبنان میں ایرانی سفیر ناپسندیدہ قرار**\n\nلبنان کی وزارت خارجہ نے منگل کو کہا کہ اس نے ایرانی سفیر کی منظوری واپس لے لی ہے اور انہیں ملک (لبنان) چھوڑنے کے لیے اتوار تک کی مہلت دی ہے۔\n\nاے ایف پی کے مطابق، وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ ’اس نے لبنان میں ایرانی ناظم الامور کو طلب کیا ہے اور انہیں ’مقرر کردہ ایرانی سفیر محمد رضا شیبانی کی منظوری واپس لینے اور انہیں ناپسندیدہ قرار دینے کے لبنانی ریاست کے فیصلے سے آگاہ کیا اور مطالبہ کیا ہے کہ وہ اگلے اتوار سے پہلے لبنانی سرزمین چھوڑ دیں۔‘\n\nوزارت نے کہا کہ اس نے ایران میں لبنان کے سفیر کو بھی طلب کیا ہے ’اس کی روشنی میں جسے لبنانی ریاست نے تہران کی طرف سے سفارتی اصولوں کی خلاف ورزی اور دونوں ممالک کے درمیان قائم کردہ طرز عمل کے طور پر بیان کیا ہے۔‘\n\n* * *\n\n**رات 9 بج کر 30 منٹ**\n\n**ترکی ایران میں امن کے لیے کام جاری رکھے گا: صدر اردوغان**\n\nترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے کہا ہے کہ ان کا ملک ایران میں امن کے قیام کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتوں کے ساتھ کام جاری رکھے گا۔ (روئٹرز)\n\n* * *\n\n**رات 8 بج کر 30 منٹ**\n\n**پاکستان جامع مذاکرات کی سہولت فراہم کرنے کو اعزاز سمجھتا ہے: شہباز شریف، امریکی صدر نے ٹروتھ سوشل پر بیان شیئر کر دیا**\n\nامریکی صدر ٹرمپ نے پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف کی اس ایکس پوسٹ کو ٹروتھ سوشل پر شئیر کیا ہے\n\n## Screenshot 2026-03-24 203619.png\n\nجس میں انہوں نے ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملوں کے حوالے سے کہا ہے کہ پاکستان خطے اور اس سے باہر امن و استحکام کے مفاد میں مشرق وسطیٰ میں جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات کی جاری کوششوں کا خیرمقدم اور مکمل حمایت کرتا ہے۔\n\n> Pakistan welcomes and fully supports ongoing efforts to pursue dialogue to end the WAR in Middle East, in the interest of peace and stability in region and beyond. Subject to concurrence by the US and Iran, Pakistan stands ready and honoured to be the host to facilitate…\n\n> — Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) March 24, 2026\n\nانہوں نے مزید کہا کہ امریکہ اور ایران کی رضامندی سے مشروط، پاکستان جاری تنازع کے جامع تصفیے کے لیے بامعنی اور نتیجہ خیز مذاکرات کی سہولت فراہم کرنے کو اعزاز سمجھتا ہے۔\n\n**شام 5 بج کر 27 منٹ**\n\n**پاکستان مشرق وسطیٰ تنازع سفارتی ذرائع سے حل کرنے کے لیے پرعزم: ترجمان دفتر خارجہ**\n\nترجمان دفتر خارجہ نے منگل کو کہا ہے کہ ’پاکستان، اپنی دیرینہ پالیسی کے مطابق، مشرقِ وسطیٰ / خلیجِ فارس میں جاری تنازع کے حل کے لیے سفارتی ذرائع اور بات چیت کے ذریعے کوششوں کے لیے بدستور پُرعزم ہے۔‘\n\nان کا مزید کہنا تھا کہ ’سفارت کاری اور مذاکرات کے عمل میں اکثر بعض معاملات کو رازداری کے ساتھ آگے بڑھانا ضروری ہوتا ہے، لہٰذا میڈیا سے گزارش ہے کہ قیاس آرائیوں سے گریز کرے اور فیصلوں اور نتائج سے متعلق سرکاری اعلانات کا انتظار کرے۔‘\n\n* * *\n\n**شام 5 بجے**\n\n**آبنائے ہرمز صرف مخالف ملکوں کے جہازوں کے لیے بند ہے: ایران**\n\nایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے منگل کو کہا ہے کہ آبنائے ہرمز غیر مخالف ممالک کے جہازوں کے لیے کھلی ہے، جبکہ کشیدگی کی موجودہ صورتحال امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف جنگ کا نتیجہ ہے۔\n\nفارس نیوز کے مطابق جنوبی کوریا کے وزیر خارجہ چو ہیون سے ٹیلیفونک گفتگو میں عباس عراقچی نے کہا کہ خطے میں عدم استحکام اور آبنائے ہرمز میں سکیورٹی خدشات براہِ راست امریکی اور اسرائیلی حملوں کا نتیجہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تہران اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔\n\nایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ یہ حملے ایسے وقت میں کیے گئے جب جوہری مذاکرات جاری تھے، جو حملہ آوروں کے دوہرے رویے کو ظاہر کرتا ہے۔\n\nیاد رہے کہ آبنائے ہرمز، جہاں سے دنیا کے تقریباً 20 فیصد تیل کی ترسیل ہوتی ہے، فروری کے آخر میں امریکہ اور اسرائیل کے حملوں کے بعد سے شدید متاثر ہے۔ سیکڑوں بحری جہاز اس علاقے میں رکے ہوئے ہیں جبکہ عالمی شپنگ کمپنیاں اور تیل برآمد کنندگان سکیورٹی خدشات کے باعث آپریشنز روک چکے ہیں۔\n\nآبنائے ہرمز میں ٹینکرز کی آمد و رفت متاثر ہونے سے عالمی توانائی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔\n\nدوسری جانب ایرانی مسلح افواج کے ہیڈکوارٹرز نے ڈونلڈ ٹرمپ کو خبردار کیا ہے کہ اگر امریکہ نے ایران کے پاور پلانٹس پر حملے کیے تو تہران آبنائے ہرمز کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کر سکتا ہے۔\n\nگفتگو کے دوران جنوبی کوریا کے وزیر خارجہ نے جنگ میں ایرانی شہریوں کی موت پر افسوس کا اظہار کیا اور خطے کی صورتحال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ جاری کشیدگی عالمی معیشت پر منفی اثرات مرتب کر رہی ہے، خصوصاً آبنائے ہرمز کی صورتحال کے تناظر میں۔\n\nانہوں نے مغربی ایشیا میں کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی کوششوں کی ضرورت پر بھی زور دیا۔\n\n* * *\n\n**شام 4 بج کر 45 منٹ**\n\n**ملک کو غیر مستحکم کرنے کے الزام میں 466 افراد گرفتار: ایرانی میڈیا**\n\nایرانی سرکاری میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ اس نے منگل کو 466 افراد کی گرفتاری کا اعلان کیا، جن پر آن لائن سرگرمیوں کے ذریعے ملک کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کا الزام ہے۔\n\nسرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا نے ایرانی پولیس کے حوالے سے کہا، ’ان افراد نے عوامی رائے میں انتشار پھیلانے، معاشرے میں خوف اور اضطراب پیدا کرنے، عدم تحفظ کو فروغ دینے اور دشمن کے حق میں پروپیگنڈا پھیلانے کی کوشش کی۔‘\n\nنیوز ایجنسی نے آن لائن سرگرمی کی درست نوعیت یا گرفتاریوں کی تاریخوں کی وضاحت نہیں کی۔\n\nایرانی حکام نے 28 فروری کو جنگ کے آغاز کے بعد سے انٹرنیٹ کو مکمل طور پر بند کر دیا ہے۔\n\nانٹرنیٹ مانیٹر نیٹ بلاکس نے منگل کو ایکس پر لکھا کہ ’ایران کا انٹرنیٹ بلیک آؤٹ 576 گھنٹوں کے بعد اپنے 25ویں دن میں داخل ہو چکا ہے۔‘\n\nتقریبا ایک ماہ سے، صرف چند مجاز افراد کو ایران میں دنیا بھر میں انٹرنیٹ تک رسائی حاصل ہے۔\n\n* * *\n\n**دن 1 بج کر 38 منٹ**\n\n**ایران میں گیس تنصیبات اور پائپ لائن پر اسرائیل-امریکہ حملہ**\n\nایرانی میڈیا نے منگل کو رپورٹ کیا ہے کہ امریکی صدر کی جانب سے توانائی کی تنصیبات پر حملے نہ کرنے کے اعلان کے چند گھنٹوں بعد اسرائیل-امریکہ حملے میں دو گیس تنصیبات اور ایک پائپ لائن کو نشانہ بنایا گیا ہے۔\n\nفارس نیوز ایجنسی کے مطابق ’اصفہان میں اسرائیل اور امریکی دشمن کے جاری حملوں میں گیس ایڈمنسٹریشن بلڈنگ اور گیس پریشر ریگولیشن سٹیشن کو نشانہ بنایا گیا ہے۔‘\n\nایرانی میڈیا کے مطابق مرکزی ایران میں تنصیبات کو ’جزوی نقصان‘ پہنچا ہے۔\n\nخبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق فارس نیوز ایجنسی اس واقعے کو رپورٹ کرنے والا واحد ادارہ ہے۔\n\nفارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق حملے میں خرمشہر گیس پائپ لائن کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔\n\n* * *\n\n**دن 12 بج کر 50 منٹ**\n\n**ایران کے تل ابیب پر حملے، چھ افراد زخمی**\n\nاسرائیلی پولیس کے مطابق منگل کو ایران کے تازہ میزائل حملے میں تل ابیب کے متعدد مقامات کو نقصان پہنچا۔\n\nخبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اسرائیلی ریسکیو اہلکاروں کا کہنا ہے کہ منگل کو ایرانی حملے میں چھ افراد زخمی ہوئے ہیں۔\n\nاسرائیل کے میگن ڈیوڈ ایڈم ایمرجنسی میڈیکل سروس کا کہنا ہے کہ ’چار مختلف مقامات پر چھ افراد کو معمولی چوتیں آئی ہیں۔‘\n\nحملے کے بعد جاری کی گئی ویڈیوز میں ایسی عمارتوں اور گاڑیوں کو دیکھا جا سکتا ہے کہ جنہیں جزوی طور پر نقصان پہنچا ہے۔\n\n* * *\n\n**دن 12 بجے**\n\n**پاکستانی اور مصری وزرائے خارجہ کی خطے کی صورت حال پر گفتگو**\n\nپاکستان کے دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی منگل کی شب اپنی مصری ہم منصب بدر عبد العاطي سے گفتگو ہوئی ہے۔\n\nدفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے کی بدلتی صورت حال کا جائزہ لیا۔\n\nبیان کے مطابق اسحاق ڈار نے کشیدگی کے فوری خاتمے اور امن و سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا۔\n\n* * *\n\n**صبح 09 بج کر 30 منٹ**\n\n**ایران کا روشن مستقبل ’فوج اور عوام کا مرہون منت‘**\n\nایران کے صدر مسعود پزشکیان نے ملک کی افواج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ان کے ’ہاتھوں اور بازوؤں کو بوسہ‘ دیتے ہیں۔\n\nمسعود پزشکیان نے ایکس پر ایک بیان میں کہا کہ ’میں مسلح افواج اور وطن کے پرجوش محافظوں کے ہاتھوں اور بازوؤں کو بوسہ دیتا ہوں۔‘\n\nان کا کہنا تھا کہ ’ملک کا روشن مستقبل اور اس سرزمین کے بچوں کا محفوظ اور پُرامن کل عوام کی مزاحمت، ثابت قدمی اور ایران کے محافظوں کے ساتھ ان کے مقدس اتحاد کا مرہون منت ہے۔‘\n\n* * *\n\n**صبح 08 بج کر 50 منٹ**\n\n**ایران کا اسرائیل پر تازہ حملہ**\n\nایران کے سرکاری ٹیلی ویژن نے منگل کی صبح اعلان کیا کہ اسرائیل پر میزائل حملوں کی ایک اور لہر داغ دی، اس سے قبل شمالی علاقے میں ایک عمارت پر حملہ ہوا جبکہ بیت المقدس میں زور دار دھماکے کی آواز سنی گئی۔\n\nخبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی نے ٹیلی گرام پر لکھا: ’ایران نے مقبوضہ علاقوں کی جانب میزائلوں کی نئی لہر فائر کر دی۔‘\n\nکچھ ہی لمحوں بعد اس نے کہا کہ ’ایرانی میزائل کئی اسرائیلی دفاعی نظام کو عبور کر گئے۔‘\n\nمیگن ڈیوڈ آدوم کی ایمرجنسی سروسز نے اسرائیل کے شمال میں ایک تباہ شدہ عمارت کی ویڈیو جاری کی اور بتایا کہ اس واقعے میں کوئی جان سے نہیں گیا۔\n\nاسرائیلی فوج نے بعد ازاں منگل کی صبح متعدد اعلانات میں کہا کہ اسے ایرانی میزائلوں کی آمد کا پتہ چلا ہے اور وہ انہیں روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔\n\n* * *\n\n**صبح 08 بج کر 30 منٹ**\n\n**مذاکرات کے لیے امریکی وفد پاکستان پہنچے گا تاہم ایران ’تیار نہیں‘**\n\nترک نیوز ایجنسی انادولو نے پاکستانی وزارت خارجہ کے ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ امریکی وفد ممکنہ مذاکرات کے لیے ایک یا دو دن میں پاکستان پہنچ رہا ہے۔\n\nتاہم انادولو کی رپورٹ کے مطابق ایران ’عدم اعتماد‘ کی وجہ سے ’اب تک اس کے لیے تیار نہیں‘ ہے۔\n\nرپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستانی وزارت خادجہ کے ذرائع کے مطابق ’ایران کو مذاکرات کے لیے آنے پر آمادہ کرنے کے لیے بیک ڈور سفارتی کوششیں جاری ہیں۔‘\n\nانہوں نے مزید کہا کہ پاکستان، ترکی، اور مصر ’اس کوشش کی مشترکہ رہنمائی کر رہے ہیں۔‘\n\nایران\n\nاسرائیل\n\nامریکہ\n\nشہباز شریف\n\nوزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ امریکہ اور ایران کی رضامندی سے مشروط، پاکستان جاری تنازع کے جامع تصفیے کے لیے بامعنی اور نتیجہ خیز مذاکرات کی سہولت فراہم کرنے کو اعزاز سمجھتا ہے۔\n\n انڈپینڈنٹ اردو\n\nمنگل, مارچ 24, 2026 - 13:30\n\nMain image:\n\n> <p>وزیر اعظم شہباز شریف 24 اپریل، 2025 کو اسلام آباد میں ایک اعلیٰ سطحی سیکورٹی اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں (وزیر اعظم آفس/ اے ایف پی)</p>\n\nدنیا\n\ntype:\n\nnews\n\nlabel:\n\nلائیو اپ ڈیٹس\n\nrelated nodes:\n\nپاکستان امریکہ ایران جنگ میں اہم ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے: برطانوی اخبار\n\nایران - اسرائیل جنگ اور ماحول کی تباہی\n\nنطنز پر حملے کے بعد ایران کا اسرائیلی جوہری پروگرام والے شہر دیمونا پر میزائل حملہ\n\nایران جنگ سے متعلق مصنوعی ذہانت سے بنی ویڈیوز کی بھرمار\n\nSEO Title:\n\nپاکستان جامع مذاکرات کی سہولت فراہم کرنے کو اعزاز سمجھتا ہے: شہباز شریف\n\ncopyright:\n\nshow related homepage:\n\nShow on Homepage",
"title": "پاکستان جامع مذاکرات کی سہولت فراہم کرنے کو اعزاز سمجھتا ہے: شہباز شریف"
}