{
"$type": "site.standard.document",
"bskyPostRef": {
"cid": "bafyreibabqpv3tzemavi7bsilvhpr6dwbrzft2enzm3equr3wbnvw7zjne",
"uri": "at://did:plc:vc2nen26a4wwwtacdiwdpeqk/app.bsky.feed.post/3mgq5v73f6ia2"
},
"coverImage": {
"$type": "blob",
"ref": {
"$link": "bafkreicweyf63o7paxw63sjpexrmtzqztpia5t4zzbxa2cd2dlfv72muci"
},
"mimeType": "image/jpeg",
"size": 151878
},
"path": "/node/184992",
"publishedAt": "2026-03-10T07:50:01.000Z",
"site": "https://www.independenturdu.com",
"tags": [
"آیت اللہ علی خامنہ ای",
"مجتبیٰ خامنہ ای",
"میدانِ جنگ",
"View this post on Instagram",
"A post shared by Independent Urdu (@indyurdu)",
"آیت اللہ خامنہ ای",
"ایران پر امریکی حملہ",
"تیل کی قیمتیں",
"انڈپینڈنٹ اردو",
"دنیا",
"news"
],
"textContent": "**فروری 2026 میں امریکہ اور اسرائیل کے مشترکہ فضائی حملوں میں آیت اللہ علی خامنہ ای کی موت کے بعد ایران کی قیادت میں پیدا ہونے والا خلا ان کے بیٹے مجتبیٰ خامنہ ای نے پر کر دیا ہے۔**\n\nتاہم اقتدار کی یہ منتقلی ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ایران کو اپنی جدید تاریخ کے بدترین بحران کا سامنا ہے۔ نئے سپریم لیڈر کے لیے یہ انتخاب ایک طرف تو ان کی زندگی کے لیے خطرات سے بھرپور ہے کیوں کہ اسرائیلی وزیرِ دفاع کاٹز کہہ چکے ہیں کہ نئے سپریم لیڈر اس کا ٹارگٹ ہوں گے۔\n\nدوسری طرف مجتبیٰ خامنہ ای کو ملک نہیں بلکہ میدانِ جنگ ورثے میں ملا ہے جہاں ایک چھوٹی سی غلطی بھی تباہی کا باعث بن سکتی ہے۔\n\nمجتبیٰ خامنہ ای کو اس وقت تین بڑے اور فوری چیلنجوں کا سامنا ہے۔\n\n**امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ کھلی جنگ**\n\nنئے سپریم لیڈر کے لیے فوری امتحان ملک کا دفاع اور جاری جنگ کی قیادت ہے۔ گذشتہ دو ہفتوں سے امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر مسلسل حملے کیے جا رہے ہیں، جن کا دائرہ اب عسکری تنصیبات سے آگے بڑھ کر تیل کے کارخانوں تک پھیل گیا ہے۔\n\n# مزید پڑھ\n\nاس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)\n\nاگرچہ ایران نے امریکی فوجی اڈوں پر جوابی کارروائیاں کی ہیں، لیکن مجتبیٰ خامنہ ای کے کندھوں پر اب یہ بھاری ذمہ داری ہے کہ وہ اس جنگ کو کس طرح آگے بڑھاتے ہیں۔\n\nانہیں ایک طرف اپنی عسکری طاقت کا مظاہرہ کرنا ہے اور دوسری طرف اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ یہ تصادم ایران کی مکمل تباہی پر ختم نہ ہو۔ سٹریٹجک فیصلوں میں ان کی ایک غلطی ملک کو خوفناک نتائج کی طرف دھکیل سکتی ہے۔\n\nایران پر امریکی و اسرائیلی حملے کی پہلی لہر میں صرف مجتبیٰ خامنہ ای کے والد ہی جان سے نہیں گئے، بلکہ خود مجتبیٰ کی اہلیہ زہرا عادل، ان کی والدہ منصورہ خجستہ اور ایک بیٹا بھی مارے گئے۔\n\nاس وجہ سے بھی مجتبیٰ کے لیے امریکہ کے لیے کوئی لچک دکھانا یا مذاکرات کے لیے آمادگی مشکل دکھائی دیتی ہے۔\n\nتاہم دوسری جانب بعض تجزیوں کے مطابق 56 سالہ مجتبیٰ خامنہ ای اپنے والد کے مقابلے پر کم عمر ہیں اس لیے امکان ہے کہ وہ نسبتاً زیادہ لبرل ثابت ہو سکتے ہیں۔\n\nاس کی وجہ یہ ہے کہ کسی دوسرے امیدوار کے مقابلے پر ان کی موروثی حیثیت کی وجہ سے قدامت پرست طبقوں کے لیے ان کی پالیسیوں کو چیلنج کرنا آسان نہیں ہو گا۔ نہ ہی طاقتور پاسدارانِ انقلاب ان کے راستے کی دیوار بن سکتے ہیں کیوں کہ مجتبیٰ ان سے پہلے ہی سے بہت قریبی تعلق رکھتے ہیں۔\n\nدوسرے الفاظ میں اپنی طاقتور حیثیت کی وجہ سے مجتبیٰ اس پوزیشن میں ہیں کہ بڑے فیصلے لے سکتے ہیں جو ایران میں شاید کسی اور کے لیے ممکن نہ ہوں۔\n\n**معاشی تباہی اور آبنائے ہرمز کی بندش**\n\nایران کی معیشت پہلے ہی سخت پابندیوں کی وجہ سے ہچکولے کھا رہی تھی۔ جنگ کے آغاز اور آبنائے ہرمز کی بندش کی وجہ سے صورت حال کہیں زیادہ گمبھیر ہو چکی ہے۔ تیل کی برآمدات رک چکی ہیں اور ملک کے اندر مہنگائی تیزی سے بڑھ رہی ہے۔\n\nمجتبیٰ خامنہ ای کے لیے یہ ایک بہت بڑا امتحان ہے کہ ایک طرف تو انہیں جنگی اخراجات پورے کرنے ہیں تو دوسری طرف عوام کو مکمل معاشی تباہی سے بچانا ہے۔ ان حالات میں انہیں اپنے اتحادیوں سے فوری سفارتی اور معاشی مدد کے لیے نئے راستے تلاش کرنے ہوں گے۔\n\n> \n>\n> View this post on Instagram\n>\n> A post shared by Independent Urdu (@indyurdu)\n\n**داخلی سطح پر عوامی اعتماد کا حصول**\n\nمجتبیٰ خامنہ ای گذشتہ دو دہائیوں سے ریاستی معاملات میں پسِ پردہ رہ کر اپنا اثر و رسوخ استعمال کرتے رہے ہیں۔\n\nان کی تصویریں بہت کم ہیں اور ویڈیوز نہ ہونے کے برابر۔ انہوں نے آج تک کسی بڑے چینل یا اخبار کو انٹرویو نہیں دیا۔ یہی وجہ ہے کہ ان کا پبلک پروفائل نہیں ہے، جو بطور سپریم لیڈر انہیں تعمیر کرنا ہے۔ لیکن مسئلہ یہ ہے کہ خود کو لاحق خطرات کی وجہ سے انہیں شاید خاصے عرصے تک زیرِ زمین رہ کر کام کرنا پڑ سکتا ہے۔\n\nانہیں ایران کے اندر بھی بعض حلقوں کی جانب سے مخالفت کا سامنا ہے۔ ایران کے اندر ایک طبقہ موروثی طرزِ حکمرانی کے خلاف ہے اور ناقدین اس پیش رفت کو ’جمہوری اقدار کے منافی‘ قرار دے رہے ہیں۔ خود علی خامنہ ای نے کہا تھا کہ وہ نہیں چاہتے ان کا بیٹا ان کی جگہ لے۔\n\nدوسری جانب ایران کے لبرل ہیں جو ایک عرصے سے حکومت اور طرزِ حکمرانی کے خلاف نبرد آزما ہیں۔ انسانی حقوق کی تنظیموں کے مطابق جنوری 2026 میں ملک گیر حکومت مخالف مظاہروں میں ہزاروں لوگ مارے گئے تھے اور علی خامنہ ای پر الزام لگایا گیا تھا کہ انہی کی ہدایات پر پولیس نے سختی برتی۔\n\nان حکومت مخالف گروہوں کے لیے علی خامنہ ای کے بیٹے کو نیا سپریم لیڈر تسلیم کرنا مشکل ہے۔\n\nنئے سپریم لیڈر کے پاس سوچنے کے لیے وقت بہت کم اور فیصلے کرنے کے لیے مسائل کا انبار ہے۔ یہ آنے والے چند مہینے طے کریں گے کہ آیا مجتبیٰ خامنہ ای اپنے والد کی طرح ایک مضبوط رہنما بن کر ابھرتے ہیں یا پھر یہ اندرونی اور بیرونی دباؤ ایران کے موجودہ نظام کی بنیادیں ہلا دے گا۔\n\nمجتبیٰ خامنہ ای\n\nآیت اللہ خامنہ ای\n\nایران پر امریکی حملہ\n\nتیل کی قیمتیں\n\nوالد کی موت کے بعد مجتبیٰ خامنہ ای کے کندھوں پر ایران کی بقا کی بھاری ذمہ داری آ گئی ہے۔ کیا وہ جنگ کے دوران عوامی اعتماد حاصل کر پائیں گے؟\n\n انڈپینڈنٹ اردو\n\nمنگل, مارچ 10, 2026 - 12:45\n\nMain image:\n\n> <p class=\"rteright\">مجتبیٰ خامنہ اپنے بچوں کے ساتھ 2018 میں یوم القدس کے موقعے پر (کری ایٹو کامنز - تسنیم نیوز ایجنسی)</p>\n\nدنیا\n\ntype:\n\nnews\n\nrelated nodes:\n\nایرانی سپریم لیڈر کے امیدوار مجتبیٰ خامنہ ای کون ہیں؟\n\nایران نے مجتبیٰ خامنہ ای کو نیا سپریم لیڈر مقرر کر دیا\n\nامریکہ، ایران اور اسرائیل کے تصادم میں انڈیا کہاں کھڑا ہے؟\n\nایران کو ’انتہائی شدت‘ سے نشانہ بنائیں گے: صدر ٹرمپ\n\nSEO Title:\n\nمجتبیٰ خامنہ ای: نئے سپریم لیڈر کو درپیش تین بڑے چیلنج\n\ncopyright:\n\nshow related homepage:\n\nHide from Homepage",
"title": "مجتبیٰ خامنہ ای: نئے سپریم لیڈر کو درپیش تین بڑے چیلنج"
}