{
"$type": "site.standard.document",
"bskyPostRef": {
"cid": "bafyreidw2i7pevoo7nrwubjkvepnqyxzrusii3gt5sqb4kp2mx6i5qiljm",
"uri": "at://did:plc:vc2nen26a4wwwtacdiwdpeqk/app.bsky.feed.post/3mfiuxptcmps2"
},
"coverImage": {
"$type": "blob",
"ref": {
"$link": "bafkreidnn6rf2ypfpngyaqlw6o5i2zpykwonisbdqkjkwfy6igkekreagu"
},
"mimeType": "image/gif",
"size": 395503
},
"path": "/node/184685",
"publishedAt": "2026-02-23T03:45:25.000Z",
"site": "https://www.independenturdu.com",
"tags": [
"لنک",
"قائداعظم محمد علی جناح",
"شادی",
"موت",
"اہلیہ",
"زندگی",
"حسنین جمال",
"بلاگ",
"video"
],
"textContent": "**ایک لڑکی تھی، کمزور، دھان پان سی، بہت نازک، انتہائی خوبصورت، ٹوٹ کے، شدید چاہ کے محبت کرنے والی، اتنی زیادہ محبت کہ جس سے وہ پیار کرے، اس شخص کو، میرا خیال ہے، دنیا میں کچھ نہیں چاہیے ہو گا۔**\n\nاس لڑکی کو آئی بی ایس نما کوئی عارضہ بھی تھا، آنتوں کی بیماری جو نامعلوم وجوہات سے ہوتی ہے، اور وہ لڑکی اپنی تمام تر محبتیں نچھاور کر کے جب تھک گئی تو وہ مر گئی۔\n\nکچھ لوگوں کے مطابق اس نے خودکشی کر لی۔ وہ لڑکی رتی جناح تھی۔\n\nرتی جناح پہ اس سے پہلے جتنا کچھ چھپا، اس میں وہ شدت نہیں تھی، یعنی ہم یہ اندازہ نہیں کر سکتے تھے کہ رتی کی زندگی کیسی ہو گی، رتی کے محسوسات، جذبات کیا ہوں گے۔ ہمیں ہر چیز ڈاکیومینٹڈ اور مکینکل صورت میں ملتی تھی، جیسے، تاریخ کے لفظ، جو بے حس ہوتے ہیں، جن میں شدت، کیفیت بیان نہیں ہوا کرتی۔\n\nہمیں رتی کے کچھ خط ملتے تھے، یا پھر دوسرے لوگوں کی بتائی گئی کچھ باتیں تھیں، قصے تھے، جو انہوں نے رتی جناح کے بارے میں کہے، لیکن یہ مکمل ایک باربط اور واقعے سے انصاف کرتا ہوا حقیقت نامہ ہے۔\n\nاس ناول کے بعد بس یہ ہوا کہ میں باقاعدہ اس کے اثر میں آ گیا اور نکل نہیں پا رہا، آج کل کی زبان میں بات کریں تو بہت ٹراماٹائزنگ اثر ہے۔\n\nیعنی ناول کو جب آپ محسوس کریں، اس سے ریلیٹ کر سکیں، یا اس ناول میں موجود کیفیات میں پھنس جائیں، تو میرا خیال ہے کہ وہ ناول کی کامیابی ہوتی ہے۔\n\nاس ناول میں ظفر سید نے جو ٹیکنیک استعمال کی ہے وہ یہ کہ ہر باب کا راوی الگ ہے اور بات کرنے میں اس کی زبان اور کیمرے کے اینگل کا بھی دھیان رکھا ہے۔ یعنی ایک باب کا راوی ہوٹل ہے، ایک بیان رتی کی بلی کا ہے، ایک چیپٹر گاندھی جی سے روایت ہے، ایک قصہ رتی کے باپ ڈنشا پٹیٹ کی بہن ہیما بائی کی زبانی ہے، تو اس طرح مختلف ابواب میں تقسیم یہ ناول مختصر ہے، لیکن اس قدر تاثیر رکھنے والا ہے کہ یہ آپ کو اپنے ٹرانس میں لے لیتا ہے۔\n\nجو مزے کی بات ہے وہ یہ کہ قائد اعظم کو کہیں قصوروار ثابت کرنے کی کوشش نہیں کی گئی۔ دانستہ یا غیر دانستہ طور پہ، وہ الگ بات لیکن اس ناول کو پڑھنے کے بعد آپ حکم نہیں لگا سکتے کہ قصور اس ٹریجیڈی میں کس کا تھا، رتی کا یا قائد اعظم محمد علی جناح کا؟\n\nاس ناول کے مطابق قائد اعظم نے جو تین کتے رکھے ہوئے تھے، وہ سب انہوں نے رتی کی وفات کے بعد پالے۔ رتی کی موت والا باب بہت پگھلا دینے والا ہے بالخصوص جب زندگی میں شاید پہلی اور آخری بار قائداعظم کئی افراد کی موجودگی میں پھوٹ پھوٹ کے روئے۔\n\nرتی کے بعد قائد اعظم وہ ہیں جو ہمیں اب نظر آتے ہیں۔ اس سے پہلے قائد اعظم ایک باقاعدہ ہنس مکھ طیبعت والے اور اپنے فقروں سے دل جیت لینے والے آدمی تھے اور یہ سب ہمیں اس ناول کے بعد پتہ لگتا ہے، اور جس کے تاریخی طور پہ ثبوت موجود ہیں۔\n\nتو اس ناول نے قائد اعظم پہ کوئی چیز مسلط نہیں کی، لیکن اس نے ہمیں یہ بھی بتایا کہ رتی کے ساتھ جناح کی موجودگی اور ان کی عدم موجودگی کی وجہ سے کیا کچھ ہوا۔\n\nرتی کا کیریکٹر اگر آپ دیکھیں تو وہ ایسا ہے جو ہر چیز میں ایکسٹریمسٹ ہے۔ وہ پیار کرتا ہے تو ٹوٹ کے کرتا ہے۔ وہ نہیں چاہتا تو کسی کا خیال نہیں کرتا۔ جیسے اس کی اپنی بیٹی، جس کا آفیشل نام بھی نو سال بعد رکھا گیا، جسے قائد صوفیہ کہتے تھے اور رتی مختلف ناموں سے پکارتی کرتی تھیں۔\n\nایک طویل عرصے کے بعد جب وہ بیٹی اپنی نانی کے پاس گئی، رتی کی موت کے بعد، تو اس نے اپنی نانی کا نام ایڈاپٹ کیا، جو کہ دینا جناح تھا۔\n\n# مزید پڑھ\n\nاس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)\n\nتو اب ایک طرف بیٹی ہے جو شدید کیئرلیسنس کا شکار ہے، اور ایک طرف جانور ہیں رتی کے، جو تعداد میں چھ سات ہیں، اور جن کے نام رکھنے میں بھی الگ طرح نکالی گئی ہے جیسے ایک کتے کا نام ’لوفر المُلک‘ ہے۔ جہاں وہ جاتی ہیں ان کے ساتھ وہ سب لد کے جاتے ہیں، ٹرینوں میں ان کے لیے الگ ملازم ہوتے ہیں، پورا تام جھام ہر جگہ برابر ہوتا ہے۔\n\nپھر اس میں فاطمہ جناح کا کردار ہے، بالخصوص وہ کھچاؤ جو ان کے اور رتی کے درمیان موجود تھا، وہ بہت غیر محسوس طریقے سے پڑھنے والے کو سمجھ آ جاتا ہے۔\n\nتو کُل ملا کے یہ ناول آپ کو، یوں سمجھیے کہ ایسے اینگل پہ کھڑا کر دیتا ہے جہاں سے آپ سب کچھ دیکھ رہے ہوتے ہیں کہ جناح کی سافٹ سائڈ کیا تھی، جناح کیسے اس رشتے میں تلخ ہوئے، رتی کیا سوچتی تھیں، کیوں انہوں نے مبینہ طور پر خودکشی کی، اور ایک ایسی لڑکی جو جانِ محفل تھی، جسے ہندوستان کی بلبل کہا جاتا تھا، جس سے بہتر پہناوا انگریزوں کی خواتین کا بھی نہیں تھا، وہ اس قدر المناک انجام تک کیسے پہنچی، اور یہ جو قائد اعظم کا ورژن اب ہمارے سامنے ہے، اس کے پیچھے کیا حالات تھے۔\n\nتو میرا خیال ہے ہر پاکستانی کے لیے اور ہر محبت کرنے والے کے لیے یہ ناول پڑھنا بہت بہت ضروری ہے، میری گارنٹی ہے کہ اس کے اثر سے آپ بہت عرصہ نکل نہیں سکیں گے۔\n\n(ناول اس لنک پر دستیاب ہے۔)\n\n_نوٹ: یہ تحریر کالم نگار کی ذاتی آرا پر مبنی ہے جس سے انڈپینڈنٹ اردو کا متفق ہونا ضروری نہیں۔_\n\nقائداعظم محمد علی جناح\n\nشادی\n\nموت\n\nاہلیہ\n\nزندگی\n\nرتی کے بعد قائد اعظم وہ ہیں جو ہمیں اب نظر آتے ہیں۔ اس سے پہلے قائد اعظم ایک باقاعدہ ہنس مکھ طیبعت والے اور اپنے فقروں سے دل جیت لینے والے آدمی تھے۔\n\nحسنین جمال\n\nسوموار, فروری 23, 2026 - 08:45\n\nMain image:\n\nبلاگ\n\njw id:\n\n7MNm2WUY\n\ntype:\n\nvideo\n\nrelated nodes:\n\n’جناح‘: جب کرسٹوفرلی ایک منظر میں واقعی رو پڑے\n\nقائد اعظم محمد علی جناح بحیثیت پارلیمنٹیرین کیسے تھے؟\n\nقائد اعظم محمد علی جناح اور علمائے ہند\n\nنو مئی کو جلائے گئے جناح ہاؤس میں قائد گیلری قائم، بحالی کا کام باقی\n\nSEO Title:\n\nرتی جناح کی وفات 29 برس کی عمر میں کیوں ہو گئی؟\n\ncopyright:\n\nshow related homepage:\n\nHide from Homepage",
"title": "رتی جناح کی وفات 29 برس کی عمر میں کیوں ہو گئی؟"
}